کراچی ( اسٹاف رپورٹر)
فرانس کے کانز فلمی میلے میں جیوری ایوارڈ اور آسٹریلیا کے انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں بہترین فلم کا ایوارڈ جیتنے والی عالمی شہرت یافتہ پاکستانی فلم ”جوائے لینڈ“ کو پاکستانی سینماؤں میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اور مذکورہ فلم ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعدرواں برس 24 نومبر کو لاہور، کراچی اور اسلام آباد سمیت ملک بھر کے سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔
”جوائے لینڈ“ کا پریمئیر رواں برس فرانس میں منعقدہ کانز فلمی میلے میں ہوا جہاں اسے شاندار پذیرائی اور کامیابی سے نوازا گیا اور فلم نے کانز میلے میں دو اعزازات ”جیوری ایوارڈ“ اور”کویر پام“ حاصل کئے۔دنیا بھر سے آنیو الے فلم میکرز اور فلمی نقادوں نے ”جوائے لینڈ“ کو داد و تحسین سے نوازا جس کے بعد جوائے لینڈ نے آسٹریلیا کے انڈین فلم فیسٹیول میں بھی بہترین فلم کا اعزازبھی اپنا نام کیا۔ صائم صادق کے زیر ہدایت بنی جوائے لینڈ ایک فکشن کہانی پر مبنی ہے جس میں ٹرانسجینڈرز کی زندگی میں پیش آنے والے واقعات کو فکر انگیز انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔ جوائے لینڈ کی کاسٹ میں علی جونیجو،راستی فاروق، علینہ خان اور ثروت گیلانی شامل ہیں۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈسٹری بیوشن کلب شیخ عابد رشید نے بتایا کہ ”جوائے لینڈ“ کو ملک بھر کے سینماؤں میں نمائش کیلئے وفاق، پنجاب اور سندھ کے سنسر بورڈز نے ایک دو کٹ کے ساتھ سرٹیفیکیٹس جاری کردیے ہوئے ہیں اوراب فلم کو ریلیز کرنے کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔ ”جوائے لینڈ“کے پروڈیوسرز میں شامل ورسٹائل فنکار سرمد سلطان کھوسٹ نے بتایا کہ ”جوائے لینڈ“ ایک دلچسپ کہانی پر مبنی فلم ہے
جس نے اپنے حساس موضوع کے باعث دنیا بھر میں توجہ حاصل کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ کچھ دنوں میں ”جوائے لینڈ“کا ٹیزر اور ٹریلر ریلیز کرکے باقاعدہ پروموشن کا آغاز کردیا جائے گا۔