اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاک فضائیہ خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طبی امداد کی فراہمی اور بحالی کی کارروائیوں میں سرگرم عمل ہے۔ پاک فضائیہ کے اہلکار سیلاب زدگان کو رہائش،
طبی سہولیات، خوراک اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی ضروریات کی بروقت فراہمی کے لیئے اپنی بھرپور خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ پاک فضائیہ کے قائم کردہ میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس سیلاب متاثرین میں بڑے پیمانے پر پھیلنے والی پانی سے پیدا شدہ بیماریوں جیسے کہ گیسٹرو، ڈینگی، ملیریا، ہیضہ اور پیچش کی تشخیص کے عمل میں شبانہ روز مصروف ہیں۔ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو مفت ادویات اور طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ نے ضرورت مند خاندانوں میں 17960 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 250 پانی کی بوتلیں اور 1730 خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیئے۔ مزید برآں پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 1407 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔