صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران نیازی لا علاج بیماری میں مبتلا ہو گئے ہیں، عمران نیازی اور اس کے حواری خوفناک کھیل کھیل رہے ہیں ،ملک میں سری لنکا جیسے حالات پیدا کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں ۔ اپنے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں ان کے غبارے سے ہوا نکل جائے گی۔ عمران نیازی نے تمام ریڈ لائنز پار کر دی ہیں ۔ کھلم کھلا ریاستی اداروں پر حملہ آور ہو گئے ہیں ۔یہ پاگل شخص کہتا ہے ، پاکستان پر ایٹم بم گرا دیتے ۔ عمران نیازی صاحب ایٹم بم پاکستان پر نہیں تمہاری شرانگیزی پر گرنا چاہئے ۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام ریاستی اداروں پر آپ کو ڈرون حملے کرنے کی اجازت نہیں دے گی ۔ عمران نیازی اپنی زبان کو لغام دیں ، اداروں کے خلاف بے ہودہ زبان استعمال کرنے سے باز آئے، ورنہ عمران نیازی عوام کے غصے سے نہیں بچ سکتا ۔ شرجیل میمن نے کہا کہ عمران نیازی کے سیاسی کیریئر سے بات واضح ہو گئی کہ وہ جس تھالی میں کھاتے ہیں اس میں چھید کرتے ہیں ۔ وہ دن دور نہیں جب عوام نیازی کو بنی گالا سے باہر نکلنے نہیں دیں گے ۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ نیازی صاحب آپ کی حکومت نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے ختم ہوئی ہے ۔ کیونکہ آپ نے کسی کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا ۔ تمام وعدوں پر یو ٹرن لیا ۔ 162 ارب روپے اور 11 سو ارب روپے کے کراچی پیکیج اعلانات تک محدود رہے ۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں پاکستان کرپشن انڈیکس میں سب سے آگے آیا۔