کراچی(نمائندہ خصوصی) ترجمان وزارت صحت نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے قومی صحت عبدالقادرپٹیل کی ہدایت پرجعلی ادویات کی روک تھام کےلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں اورملک بھرمیں ڈسٹری بیوٹرز، فارمیسیز اور میڈیکل سٹور پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔منگل کووزارت صحت کے حکام نے بتایا کہ وفاقی وزیر صحت کی ہدایت پر جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کئے جارہے ہیں ،ملک بھر میں ڈسٹری بیوٹرز فارمیسیز اور میڈیکل سٹور پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ قاسم پر سنکورا فارما کیخلاف بڑی کارروائی کی گئی ہے اور ڈریپ کی ٹیم کا ہیلتھ اینڈ او ٹی سی رولز کے تحت لسٹڈ فرم سنکورا فارما کی انسپکشن کررہی ہے، سنکورا فارما صحت و صفائی کی مطلوبہ سہولیات،نامناسب کوالٹی کنٹرول،مائیکروبیالوجی لیبارٹریز اور تکنیکی افراد کے بغیرکام کر رہی تھی اورفرم اس کی آڑ میں جعلی، غیر رجسٹرڈ، غیر اندراج شدہ مصنوعات کی تیاری میں ملوث بھی پائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ مشتبہ سٹاک کو ابتدائی طور پر 28 دنوں کے لیے مقررہ فارم-1 پر ضائع نہ کرنے کا حکم دیا گیاہے اورفرم کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام اہم مشاہدات کی تعمیل تک پیداواری سرگرمیاں روک دے اور فرم کے نمائندہ کی طرف سے جمع کرائے گئے حلف نامے کے مطابق متعلقہ بورڈ کی باضابطہ منظوری حاصل کرے۔