اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن )کے رہنما جاوید لطیف نے ایک بار پھر کہاہے کہ عمران خان بتائیں ایکس وائے کون ہے اور وہ کن کو فون کر رہے ہیں؟، نام بتاﺅ،پی ٹی آئی چیئر مین سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں، ملک میں پلاننگ سے فساد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ہر ادارے پر حملے کی کوشش کی جا رہی ہے،مذہب کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے، عمران کا کوئی کلپ توڑ مروڑ کر پیش نہیں کیا،اسلامی تعلیمات کا مذاق اڑانے نہیں دیں گے،میرے خلاف دہشت گری کے مقدمات پر جوڈیشل کمیشن بنا لیں ،اسلامی نظریاتی کونسل یا شریعت کورٹ مجھے اور عمران خان دونوں کو بلا لے،ہر فورم پر اپنا کیس ثابت کروں گا، لاڈلے کو آج بھی ہیرو کے طورپر پیش کیا جارہاہے ،اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو آپ پندرہ اکتوبر سے پہلے ہماری زبانیں بھی کھلتی دیکھیں گے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں جاوید لطیف نے کہاکہ پاکستان کے اندر ان دنوں عجیب کھیل کھیلا جا رہا ہے ،پلاننگ سے فساد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ،ہر ادارے پر حملے کی کوشش کی جا رہی ہے اور مذہب کو بھی نہیں بخشا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کہتے ہیں اداروں میں میر جعفر اور میر صادق ہیں ،وہ پاکستان کو سری لنکا بنانے کے لیے آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان تمام حدیں پھلانگ چکا ہے ،عمران کے خلاف ایف آئی آر ہوتی ہے لیکن دہشت گردی کی دفعات عدالت ختم کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی سفیر رات کے اندھیرے میں عمران سے ملتی ہیں اور عمران اداروں کے خلاف سخت موقف کے سامنے آ جاتے ہیں ،عمران کہتے ہیں ایکس وائی کا فون آئے تو اس کو واپس اسی طرح دھمکی دو،پہلے نام تو بتاﺅ،اگر ہمیں کال آتی تھی تو ہم تو نام سامنے لے آتے تھے۔ انہوںنے کہاکہ خود اعتراف کرتے ہو ایجنسیاں میرے دور میں بل پاس کرواتی تھیں اب کہتے ہو اپنے بل بوتے پر آیا ہوں۔