کراچی(نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور اس کے سربراہ نے بے شرمی کی تمام حدود پار کر دی ہیں ۔پی ٹی آئی رہنماؤں کے لئے ڈوب مرنے کا مقام ہے ۔ سوشل میڈیا پر جعلی تصویر وائرل کر کے سیلاب متاثرین کی عالمی امداد روکنے کی سازش کس نے کی ؟ سندھ حکومت کی جانب سے پنجاب سے خریدا گیا امدادی سامان کس نے ضبط کیا ؟ انہوں نے کہا کہ ملک میں اتنا بڑا انسانی المیہ ہوا ہے ، یہ شخص جلسے ، جلوس اور کانسرٹ منعقد کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت ، سماجی تنظیمیں اور پوری قوم اس مشکل گھڑی میں ایک ہوکر سیلاب متاثرین کی مدد کر رہے ہیں ۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سمیت پوری قومی قیادت متاثرین کے درمیان موجود ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں نے اپنی جمع کی گئی خرچی سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دے دی ۔ خواتین نے اپنے زیورات فلاحی تنظیموں کے حوالے کر دیئے تاکہ متاثرین کی مدد ہوسکے ۔ جبکہ ایک شخص کرسی کے لئے پاگل ہو چکا ہے ، معصوم سیلاب متاثرین کو بھی اس نے نہیں بخشا ۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کے چندے کے پیسوں سے عیاشیاں کرنے والی پی ٹی آئی عوام کو بتائے کے سیلاب متاثرین کیلئے ٹیلی تھون میں جمع کئے گئے ڈونیشن کہاں گئے۔ اب حالات یہ ہیں کہ ان کی اپنی جماعت میں اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیںِ ۔ عمران خان دوسروں کو دھمکیاں دیتا رہا ہے ، اب اپنی جماعت کے اہم لوگوں کو دھمکیاں دے رہا ہے ۔