اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )حالیہ سیلاب نے خیبر پختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں تباہ کن صورتحال پیدا کردی ہے۔ ضرورت کی اس مشکل گھڑی میں ہم وطنوں کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے پاک فضائیہ کا ہر فرد سیلاب متاثرین کے لیے ریلیف اور بحالی کے کاموں میں پیش پیش ہے۔ متاثرہ علاقوں میں موجود آلودہ پانی نے وبائی امراض کی صورت میں سیلاب متاثرین کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔
پاک فضائیہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈینگی، ملیریا، ڈائریا، ہیضہ اور پیچش جیسے موضی امراض سے نمٹنے کے لیے فوری طبی امداد فراہم کرنا شروع کر دی ہے۔ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں کی تیزی سے تشخیص کے لیے مختلف میڈیکل لیب کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں اور قیمتی جانوں کو بچانے کے لیے فوری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر اور ٹرانسپورٹ بیڑے سیلاب زدگان کے محفوظ انخلاء کے ساتھ ساتھ خوراک اور طبی سامان کی نقل و حمل میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ نے ضرورت مند خاندانوں میں 18,510 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 300 پانی کی بوتلیں اور 1920 بنیادی غذائی اجناس پر مشتمل راشن پیک تقسیم کیے۔ مزید برآں مفت خوراک اور رہائش کی فراہمی کے علاوہ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپس میں پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 1440 مریضوں کا مفت علاج کیا۔