اسلام آباد( نمائندہ خصوصی) غیرملکی کرنسی ڈیلر کیخلاف وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)نے سخت ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے کمرشل بینکس سرکل اسلام آباد نے غیرملکی کرنسی ڈیلر کیخلاف ایکشن لیا اور ملزم محمد سعید کوگرفتارکرکےمقدمہ درج کرلیا۔ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ ملزم بغیر لائسنس کےغیرملکی کرنسی کی خرید وفروخت میں ملوث تھا اور نہایت ہوشیاری کے ساتھ موبائل فون شاپ کی آڑمیں غیرملکی کرنسی کی خریدو فروخت کررہاتھا۔حکام نے بتایا ک خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کی گئی، اس دوران ملزم سے12لاکھ روپےمالیت کی ملکی وغیرملکی کرنسی بر آمد ہوئی، ملزم نے دوران تفتیش اہم انکشاف کیا ہے، جس کی بنیاد پر اسلام آباد میں بڑی کارروائی متوقع ہے۔واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی کسٹمز نے بیرون ملک ڈالر اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے غیرملکی خاتون سے ہزاروں ڈالرز برآمد کئے تھے۔ادھر معاشی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں ڈالرز کی بڑھتی قدر کی وجہ افغانستان اسمگلنگ ہونا ہے، جس کی سد باب کے لئے ایف آئی اے سرگرم عمل ہے اور اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔