کراچی( کرائم رپورٹر) شہر قائد میں چائے کے ہوٹل سے اوورسیز کو لوٹنے والے 3 ہیکرز گرفتار کر لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں جوہر آباد انویسٹگیشن پولیس نے اورسیز پاکستانیوں سے ہزاروں ڈالر کا فراڈ کرنے والے 3 بین الاقوامی ہیکرز کو گرفتار کر لیا۔دوسری جانب ایف آئی اے کی ٹیم نے 2 غیر قانونی منی ایکسچینجرز کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی برآمد کر لی۔ایس ایس پی انوسٹی گیشن شہلا قریشی نے بتایا کہ جوہر آباد انویسٹگیشن پولیس کی ٹیم نے ایک کارروائی کے دوران اوور سیز پاکستانیوں کے اکاؤنٹ ہیک کر کے ہزاروں ڈالر لوٹنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ملزمان آئی ٹی ایکسپرٹ اور ہیکنگ کے ماہر ہیں، جن کے قبضے سے 3 لیپ ٹاپ، 4 یو ایس بی، ایک چیک بک، 2 پاکستانی پاسپورٹس برآمد ہوئے ہیں۔
ملزمان سے ایک پاؤچ بھی برآمد ہوا جس میں آئس نشے کے استعمال کا سامان موجود تھا۔ایس ایس پی کے مطابق ملزمان کے بعض ساتھی دبئی میں موجود ہیں، یہ ملزمان بینک افسر بن کر اوورسیز پاکستانیوں کوفون کر کے ان کے اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کرتے تھے، اور پھر ان کے کاؤنٹس کو ہیک کر کے اس میں سے رقم کی غیر قانونی ٹرانزکشن کرتے تھے۔پریس کانفرنس میں ایس ایس پی شہلا قریشی نے بتایا کہ ملزمان بینک اکاؤنٹس ہیک کر کے ہزاروں ڈالر کی لوٹ مار کر چکے ہیں، اس گروپ کا ماسٹر مائنڈ انعام اللہ ولد یوسف خان ہے۔گرفتار ملزمان میں انعام اللہ ولد یوسف خان، محمد عرفان ولد دلنواز، اور فلپس عنصر ولد عنصر مسیح شامل ہیں۔دوسری کارروائی میں ایف آئی اے نے حیدر آباد سے غیر قانونی منی ایکسچینج چلانے والے دو ملزمان طالب اور رمیز کو گرفتار کر لیا ہے، ملزمان نے جیولر شاپ میں منی ایکسچینج قائم کر رکھا تھا جہاں سے 12 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے اور 25 سو سعودی ریال برآمد ہوئے ہیں۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق خفیہ اطلاع پر یہ کارروائی ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے حیدر آباد کی زیر نگرانی ایک چھاپا مار ٹیم نے صرافہ بازار میرپور خاص میں کی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔