پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت 15 مئی کو کراچی میں بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ کراچی میں ہونے والے جلسہ عام سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ حلقہ ای اے 240 کے ضمنی انتخابات، آنے والے بلدیاتی اور عام انتخابات کے حوالے سے تمام ڈسٹرکٹ بھرپور تیاریاں شروع کردیں اور عوامی رابطہ مہم کو مزید تیز کیا جائے۔ تٖفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کا اجلاس ڈویژن کے صدر و صوبائی وزیر سعید غنی کی زید صدارت ان کے کیمپ آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و معاون خصوصی وزیر اعلیٰ سندھ سید وقار مہدی، کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری و سابق صوبائی وزیر جاوید ناگوری، صوبائی وزیر و پارٹی کی انفارمینشن سیکرٹری کراچی ڈویژن شہلا رضا، آصف خان، سردار خان،خواتین ونگ کی صدر ایم این اے شاہدہ رحمانی، تمام اضلاع کے صدورو جنرل سیکرٹریز، پیپلز یوتھ، پیپلز اسٹوڈنٹس، پیپلز لائرز فورم، پیپلز لیبر بیورو، پیپلز ڈاکٹرز فورم کراچی کے صدور و دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز پر شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جس طرح آئینی اور پارلمینٹ کے ذریعے نالائق اور سلیکٹیڈ حکومت کو گھر بھیجا ہے، اس کی مثال اس ملک کی تاریخ میں نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ڈویژن کے تحت رمضان المبارک کے دوران تین بار اپنے محبوب چیئرمین کے استقبال کی تیاریاں کی گئی مگر ناگزیر وجوہات کی بناء پر یہ استقبال نہیں ہوسکا تھا، جس کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی ڈویژن کے تحت 15 مئی کو ایک عظیم الشان جلسہ عام منعقد کیا جائے گا، جس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خصوصی خطاب کریں گے۔ اجلاس میں اس جلسہ عام کے مقام اور دیگر پر تفصلی غور و خوض کیا گیا اور ایک کمیٹی مرتب دی گئی جو آئندہ ایک سے دو روز میں جلسہ عام کے مقام اور دیگر کے حوالے سے ڈویژن کو بریفنگ دے گی۔ اجلاس میں کراچی کے حلقہ این اے 240 میں ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کی جانب سے حصہ لینے اور اس کی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اجلاس میں آنے والے بلدیاتی انتخابات اور عام انتخابات میں صوبائی اور قومی اسمبلی کے لئے امیدواروں سے درخواستوں کی وصولیابی و دیگر امور پر غور و خوض کیاگیا۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ اس بار بلدیاتی اور عام انتخابات میں کراچی میں پیپلز پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی کے لئے تیاریوں کا آغاز کیا جائے گا۔ اس موقع پر تمام اضلاع کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے علاوہ تمام ذیلی ونگز کے صدور و دیگر عہدیداروں کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور اپنے اپنے ڈسٹرکٹ میں پارٹی کے منشور کو عام عوام تک پہنچانے کے حوالے سے اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئی۔