اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے آٹھ رہنماﺅں کو معاون خصوصی تعینات کرنے کے حوالے سے کابینہ ڈویژن نے باقا عدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن جوائنٹ سیکرٹری کابینہ ڈویژن تیمور تجمل کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ جن پی پی رہنماﺅں کو وزیر اعظم کا معاون خصوصی تعینات کیا گیا ہے ان میںچار اراکین قومی اسمبلی نوابزادہ افتخار احمد خان بابر،مہر ارشاد احمد خان،رضا ربانی کھر اور مہیش کمار ملانی شامل ہیں جبکہ دیگر چار معاون خصوصی تعینات ہونے والوں میں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی،سابق وزیر مملکت برائے داخلہ تسنیم احمد قریشی،سابق رکن قومی اسمبلی سردار سلیم حیدر خان اور سابق رکن خیبر پختونخوا اسمبلی محمد علی شاہ باچا شامل ہیں۔ آٹھوں معاونین خصوصی کے تقرر کے حوالے سے نوٹیفکیشن کی کاپی تمام متعلقہ حکام کو بھجوادی گئی ۔ آٹھوں معاون خصوصی کو کوئی مخصوص وزارت دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیااور نہ ہی یہ بتایا گیا ہے کہ ان کا عہدہ وفاقی وزیر یا وزیر مملکت کے برابر ہو گا۔ آٹھ نئے معاونین خصوصی کی تقرری کے بعد کل معاونین خصوصی کی تعداد 25ہو گئی جبکہ اس وقت وزیر اعظم کے چار مشیر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں،جبکہ سات وزرائے مملکت اور 34وفاقی وزرا خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس طرح کابینہ کے کل اراکین کی تعداد70تک پہنچ گئی۔