کراچی: (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر برائے توانائی امتیاز احمد شیخ نے بروزہفتہ آربی یوٹی سول ہسپتال شکارپور میں 8بستروں پر مشتمل نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیوویسکیولر ڈزیزز (این آئی سی وی ڈی) کے24ویں چیسٹ پین یونٹ کاافتتاح کیا۔
صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ نے حکومت ِ سندھ کی مثالی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ صحت کی جدید ترین سہولیات کے قیام کے ساتھ عوام کی خدمت کر رہی ہے۔
اس موقع پر، این آئی سی وی ڈی کے پروفیسرز، ڈاکٹرز او انتظامیہ کے نمائندے بھی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ شکارپور میں این آئی سی وی ڈی کا چیسٹ پین یونٹ عوام کے لئے ایک نعمت ہے، اب شکارپور اور گردونواح کے لوگوں کو امراضِ قلب کا جدید و مہنگا علاج انہی کے دہلیز پر بالکل مفت فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شکارپور میں این آئی سی وی ڈی کے چیسٹ پین یونٹ کے قیام کے بعد دل کے مریضوں کو زیادہ موثر طریقے سے طبّی سہولیات فراہم کی جائینگی۔این آئی سی وی ڈی حکومتِ سندھ کا فلیگ شپ پروگرام ہے، جس کے ذریعے صحت کی سہولیا ت کو پورے صوبہ سندھ تک بڑھایاجارہا ہے۔
این آئی سی وی ڈی ٹیم کو مباک باد دیتے ہوئے صوبائی وزیر امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ پی پی پی کے زیرِ قیادت صوبائی حکومت نے ماضی کی حکومتوں کی طرح صرف ایک شہر پر توجہ نہیں دی، بلکہ پورے صوبہ میں عالمی معیار کی صحت کی سہولیات کے مرکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں پر نہ صرف صوبہ سندھ بلکہ پورے پاکستان سے آنے والے مریض بالکل مفت علاج سے مستفیدہو رہے ہیں۔
اس موقع پر این آئی سی وی ڈی کے پروفیسرز اور ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ایس آئی سی وی ڈی نے دل کی صحت کے شعبے میں چیسٹ پین یونٹس کے قیام سے ایک نیا دور متعارف کرایا ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس کا منفرد پروگرام دنیا میں کہیں بھی نہیں ہے۔ یہ چیسٹ پین یونٹس 24 گھنٹے امراضِ قلب کے مریضوں کو ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے میں مصروفِ عمل رہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ چیسٹ پین یونٹس مریضوں کو ابتدائی ہنگامی طبّی امداد فراہم کرنے کے لئے فعال بنائے گئے ہیں، یہ یونٹس جدید طبّی سہولیا ت سے آراستہ ہیں اور ان چیسٹ پین یونٹس میں ابتدائی تشخیص کی سہولت بھی میسر ہے۔ دل کے دورے کے مریضوں کو فوری طبّی امداد کے بعد پرائمری انجیوپلاسٹی اور دیگر پروسیجرز کے لئے ایس آئی سی وی ڈی کے سینٹر منتقل کیا جاتا ہے۔
ان کا مزید کہا کہ ان چیسٹ پین یونٹس میں اب تک 741,113 مریضوں کا علاج کیا گیا ہے اور 16,123ہارٹ اٹیک کے مریضوں کی زندگیاں بچائی گئی ہیں۔بے حد جلد مزید چیسٹ پین یونٹس قائم کیے جائینگے، جن کی بدولت تمام امراضِ قلب کے مریضوں کو انہی کے گھروں کے قریب علاج کی فراہمی میسر ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کے اشتراک سے این آئی سی وی ڈی کے 10ہسپتالیں اور24چیسٹ پین یونٹس پورے ملک سے آنے والے مریضوں کو امراضِ قلب کا جدید و مہنگا وعلاج فراہم کرنے میں دن رات مصروفِ عمل ہیں۔