اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیراعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے وزیر کلچر، نوجوانان اور سماجی ترقی شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کو ٹیلی فون کر کے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی مالی امداد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان کے سیلاب متاثرین کے لئے 10 ملین ڈالر دینے کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا ۔ بیان کے مطابق شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے پاکستانی سیلاب متاثرین کے لئے انفرادی سطح پر اب تک کا سب سے بڑا عطیہ دیا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آپ کی فراخ دلانہ مدد اہل پاکستان ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آپ نے پاکستانی عوام سے بے لوث محبت اور انسانیت کے لئے دردمندی کا ثبوت دیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ آپ کی مدد سے سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی میں بڑی مدد ملے گی۔وزیراعظم نے سیلاب سے ہونے والی تاریخی تباہی اور متاثرین کی مدد کے لئے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا ۔شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان نے سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر افسوس کا اظہار کیااور کہاکہ مشکل کی اس گھڑی میں پاکستان سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں۔