کوئٹہ ( نمائندہ خصوصی) بلوچستان سیلاب کے باعث جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 270 ہوگئی ،ہزاروں بے گھر افراد حکومت کی جانب سے امداد اور بحالی کے منتظر ہیں۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ بلوچستان کے تمام 35 اضلاع میں امدادی سرگرمیاں اتوار کوبھی جاری رہیں
،سیلاب کے بعد صوبے بھر میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں بے انتہا اضافہ ہو گیا ہے، سیلاب کے باعث سبزیوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ آٹے کا بحران بھی روز بروز شدت اختیار کرنے لگا ،سیلاب سے قبل کو ئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1800 روپے تھی جو اب بڑھ کر 2600 روپے ہوگئی ہے ،صوبے کے دیگر اضلاع میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3000 روپے سے بھی تجاوز کر چکی ہے،
بلوچستان حکومت کے مطابق صوبے میں 13 لاکھ سے زائد لوگ بے گھر ہو چکے ہیں ، 1 لاکھ 85 ہزار سے زائد مکانات یا تو گر گئے یا انہیں شدید نقصان پہنچا ہے۔