حکومت کی تبدیلی کے ساتھ ہی کے الیکٹرک نے رمضان المبارک میں کورنگی لانڈھی میں نماز تراویح ‘ نصف شب کے بعد اور سحری کے دوران لوڈشیڈنگ کا نیا عذاب مسلط کردیا ہے۔ کورنگی سیکٹر31 اے 31 جی 31 بی سیکٹر 30 کے صارفین کا کہنا ہے کہ رات میں مختلف اوقات میں چار مرتبہ نصف شب کے بعد سحری کے وقت بجلی کی لوڈشیڈنگ اورنمازتراویح کے وقت لوڈشیڈنگ کا کیا جوازکیا ہے؟
کے الیکٹرک کورنگی کے حکام صارفین کے استفسار کے باوجود یہ بتانے سے قاصرہیں کہ نصف شب کے بعد اور نماز تراویح کی ادائیگی کے علاوہ رات میں چار سے پانچ بار وقفے وقفے سے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ شیڈول کی منظوری کب ہوئی اور کس نے دی ہے اور کے الیکٹرک اس کا اعتراف کیوں نہیں کرتی جبکہ کے الیکٹرک کے سسٹم پراسکا اندارج کیوں نہیں ہے۔صارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک نصف شب کے بعد لوڈشیڈنگ کا قانونی جواز پیش کرے اور کورنگی میں کے الیکٹرک کے مقامی اہلکاروں کی بجلی کے نظام میں خلل پیدا کرنے اور ایک علاقے کی بجلی بند کرکے لوڈ کسی اور علاقے میں شفٹ کرنے کی مجرمانہ حرکتیں روکی جائیں ۔ کورنگی سیکٹر 31 اے اطراف کے رہائشی علاقوں کو رات گئے بجلی سے محروم کرکے لوڈ شفٹ کرنے کی مجرمانہ سرگرمیاں روکی جائیں۔ علاوہ ازیں کراچی کے دیگرمختلف علاقوں لانڈھی ،ملیر،لیاقت آباد ، لسبیلہ، تین ہٹی ، لیاری سمیت دیگرمختلف علاقوں میں بھی نصف شب کے بعد لوڈ شیڈنگ کا نیا غذاب مسلط کیا گیا ہے جس کی وجہ سے صارفین رمضان المبارک میں مختلف مسائل سے دوچارہیں۔کراچی کے مختلف علاقوں میں نمازتراویح کے دوران اورنصف شب میں سحری کے اوقات میں بجلی بند کرنے سے کے الیکٹرک ہیلپ لائن عملہ لاعلم ہوتا ہے جبکہ کے الیکٹرک سسٹم پرغیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا اندراج کرنے سے کے الیکٹرک ہیلپ لائن کا عملہ شکایت درج کرنے سے گریز کرتا ہے اور کمپلینٹ نمبر دینے سے انکاری ہیں ۔