لاہور( بیورو رپورٹ ) لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کو آئندہ سماعت پر17ستمبر کو طلب کر لیا۔ جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے پراسیکیوٹر سے وزیر اعظم شہبازشریف اور سابق وزیر اعلی پنجاب محمدحمزہ شہباز شریف کی بریت کی درخواستوں پر دلائل طلب کر لئے ہیں۔ سپیشل جج سینٹرل نے وزیر اعظم شہبازشریف اور حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سات ستمبر کو ہونے والی سماعت کا تحریری حکم جاری کیا ہے۔ گزشتہ سماعت پر شہبازشریف کے وکیل محمد امجد پرویز ایڈووکیٹ کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی تھی
ایف آئی اے وکیل کی جانب سے درخواست پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا گیا تھا۔ عدالت نے شہباز شریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی تھی۔ جبکہ عدالت میں ملزم سلمان شہباز کے اکاﺅنٹس ڈی فریز کرنے کی درخواست بھی دائر کی گئی تھی۔درخواست میں کہا گیا تھا کہ سلمان شہباز کے اکاﺅنٹس منجمند ہونے سے کمپنی کے ملازمین کو تنخواہ نہیں دی جارہی۔ اس درخواست پر عدالت نے آئندہ سماعت پر وکلا کو بحث کے لئے طلب کیا ہے۔ جبکہ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے کو شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی بریت کی درخواستوں پر دلائل دینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ عدالت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو 17ستمبر کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔