اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)تین ہفتوں بعد محکمہ ریلوے کا نظام جزوی طور پر بحال کر دیا گیا ہے، سکھرروہڑی جنکشن سے خیبرمیل پشاورکے لیے روانہ ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں حالیہ بارشوں کے بعد سیلاب کے دوران ریلوے ٹریک زیر آب آنے کے سبب ٹرین آپریشن معطل کیا گیا تھا۔ترجمان ریلوے نے کہا کہ پڈعیدن اور بھریا روڈ کے درمیان ریلوے ٹریک متاثر تھا۔ تاحال کراچی کا بذریعہ ٹرین رابطی بحال نہ ہوسکا۔
محکمہ ریلوے نے فی الحال ملک کے دیگر شہروں کیلئے ریلوے سروسز شروع کردی ہے۔ترجمان ریلوے کے مطابق سکھرروہڑی سے ہفتہ کی صبح پہلی ٹرین خیبر میل روانہ کی گئی۔ وزارت ریلوے نے 10 مسافر ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ مسافر ٹرینیں پشاور سے راولپنڈی، لاہور، ملتان اور روہڑی کے درمیان چلائی جائیں گی۔ترجمان ریلوے نے کہا کہ خیبرمیل، پشاور سے راولپنڈی، لاہور سے ملتان اور روہڑی سے پشاور کے درمیان چلے گی جبکہ رحمان بابا ایکسپرس پشاور سے راولپنڈی، فصیل آباد اور روہڑی سے پشاور تک چلے گی۔ کراچی ایکسپریس لاہورسے روہڑی اور روہڑی سے لاہور کے درمیان چلے گی اورتیز گام ایکسپرس راولپنڈی سے روہڑی اور روہڑی سے راولپنڈی کے درمیان چلے گی۔ گرین لائن ایکسپریس راولپنڈی سے روہڑی کے درمیان چلے گی۔
ترجمان کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس وزیر آباد، سیالکوٹ نارووال سے لاہور، خانیوال اورروہڑی کے درمیان چلے گی۔ فریدایکسپریس لاہور سے پاکپتن اور روہڑی کے درمیان چلے گی۔قراقرم ایکسپریس لاہور سے فیصل آباد اورروہڑی سے لاہور کے درمیان چلے گی اورجعفر ایکسپریس پشاور سے راولپنڈی، لاہور، ملتان اور روہڑی سے پشاور کے درمیان چلے گی۔