کراچی (نمائندہ خصوصی) صوبائی وزیر اطلاعات ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے فیصل ایدھی کے ہمراہ بی آر ٹی عبدالستار ایدھی (اورنج لائن) کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت سعید غنی ، وزیر اعلی سندھ کے معاون خصوصی احمد علی جان ، پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر مندھو خیل ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ عبدالحلیم شیخ ، ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کیپٹن( ر) الطاف حسین ساریو اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ آج محکمہ ٹرانسپورٹ کی طرف سے عبدالستارایدھی اورنج لائن کاافتتاح کررہے ہیں۔ سیلاب کی وجہ سے تقریب کوسادگی سے کررہے ہیں۔ یہ سندھ حکومت کی طرف سے کراچی کے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے کی تکمیل ہے۔
پروجیکٹ سندھ حکومت نے اپنے وسائل سے مکمل کیا ہے۔ کرایہ دس سے بیس روپے رکھاہے۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات میں جب پیٹرول مہنگا ہے ، پھر بھی کم کرایہ رکھاگیاہے،ہماری ترجیح ہے کہ عوام کوجتناریلیف دے سکتے ہیں ، دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پریہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی کے عوام کو بہت جلد ایک اورمنصوبہ دینے جارہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پبلک کو سفر کی جدید اور آرام دہ سہولیات فراہم کریں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز بس سروس کے نئے روٹ کا بھی آئندہ ہفتے آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن 3.8 کلومیٹر طویل ہے ، جس پر ٹی ایم اے آفس اورنگی ٹاو ن سے جناح وومن یونیورسٹی تک 4 اسٹیشن بنائے گئے ہیں۔ کراچی کے ہزاروں شہری روزانہ اس جدید سروس سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اورنج لائن کو جلد گرین لائن سے منسلک کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں 5 ہزار سے زائد گاڑیاں چل رہی ہیں۔ ٹرانسپورٹرز کو پیش کش کردی ہے کہ وہ اپنی پرانی گاڑیوں کی جگہ نئی اور جدید بسیں لائیں۔ سندھ حکومت ان کو ہر سہولت دینے کے لئے تیار ہے۔ اگر ان کو قرض یا سبسڈی چاہیے تو وہ بھی دینے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سرمایہ کار پبلک ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو ان کو بھی سندھ حکومت ہر سہولت فراہم کرے گی۔ نہ صرف کراچی سندھ کے تمام بڑے شہروں میں پبلک ٹرانسپورٹ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔
ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے نئے منصوبوں کے آغاز کے علاوہ سندھ حکومت شہر میں سڑکوں کی بہتری پر بھی کام کر رہی ہے ، وزیر اعلی سندھ نے پیپلز بس سروس کے روٹس کی بہتری کے 1.5 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں ، جس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ تاخیر ضرور ہوئی ہے ، لیکن منصوبہ مکمل ہوگیا ہے۔ شہری ان بسوں کو سنبھالیں ، ان کا خیال رکھیں۔ اگر ان بسوں کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو نقصان شہریوں کا ہوگا۔ فیصل ایدھی نے کہا کہ کراچی کو پبلک ٹرانسپورٹ کی اشد ضرورت ہے۔ سندھ حکومت کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ پیپلز بس سروس کے بعد آج عبدالستار ایدھی لائن کا آغاز ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسوں کی سہولت کو دور دراز کے علاقوں تک لے جایا جائے۔