اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ اور وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کے درمیان ملاقات میں بیرون ممالک میں قید پاکستانیوں کے معاملے اور زائرین کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔وزیر داخلہ نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ وفاقی وزیر ساجد طوری نے کہاکہ قید پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے وزارت داخلہ و وزارت سمندر پار پاکستانیز حکمت عملی تیار کریں گے۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہاکہ معمولی جرائم میں قید پاکستانیوں کی رہائی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی،
پاکستانی زائرین کے درپیش مسائل بالخصوص پاکستانیوں کو عراقی ویزوں سے انکار پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ساجد حسین طوری نے کہاکہ پاکستانی زائرین کے لئے سرحدوں اور پروازوں کی بندش پر بھی بات ہوئی۔وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہاکہ دونوں وزارتوں کے سیکرٹریز زائرین کے مسائل فوری طور پر عراق حکومت کے ساتھ اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ عراق حکومت سے اربعین کے لئے فوری ویزوں کی اجراءپر بات ہورہی ہے، عراق حکومت سے پاکستانی زائرین کے لئے فوری طور پر سرحدوں پر داخلے کی اجازت کا کہا ہے۔ساجد حسین طوری نے کہاکہ عراقی سفیر حامد عباس لفطا مکمل تعاون کر رہے ہیں، اربعین کے بعد وزارت مذہبی امور، داخلہ و سمندر پار پاکستانیز ایک جامع زیارات پالیسی تیار کرے گی۔