اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی)اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو ان کے خلاف دائر دہشت گردی کے مقدمے میں مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش ہونے کے لیے ایک اور نوٹس بھجوا دیا تاہم سابق وزیر اعظم پیش نہیں ہوئے ۔سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی)انوسٹی گیشن ایسٹ اسلام آباد کے دفتر سے جاری نوٹس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے کہا گیا ہے کہ آج شام 5 بجے تھانہ مارگلہ میں جے آئی ٹی میں پیش ہو کر سوالات کے جواب دیں۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 9 ستمبر کو دن 3 بجے جے آئی ٹی نے مقدمے کے حوالے سے تفتیش کے لیے طلب کر رکھا تھا اور جے آئی ٹی منتظر رہی۔چیئرمین پی ٹی آئی سے کہا گیا کہ آپ 12 ستمبر تک انسداد دہشت گردی عدالت سے عبوری ضمانت پر ہیں
عدالت کے حکم کے باوجود شامل تفتیش نہیں ہوئے اور نہ ہی وقوع کے بارے میں اپنا موقف پیش کیا۔پولیس نے بتایا کہ جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے لیے جاری نوٹس کی تعمیل عمران خان کے چیف سیکیورٹی افسر ایس پی راجا طاہر کے ذریعے کرائی گئی ہے۔پولیس نے بتایا کہ نوٹس کی تعمیل ہونے کے باوجود عمران خان تھانے میں پیش نہیں ہوئے۔انہوں نے بتایا کہ عمران خان کو گزشتہ روز بھی طلبی کا نوٹس جاری ہوا تھا تاہم ان کی جانب سے تحریری جواب تھانے میں جمع کرا دیا تھا۔واضح رہے کہ 6 ستمبر کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کو دھمکی دینے کے کیس میں پولیس کو انسداد دہشت گردی کی عدالت میں چالان جمع کرانے سے روکتے ہوئے عمران خان کو دہشت گردی کے مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کا حکم دیا تھا۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں بینچ نے عمران خان کی دہشت گردی کا مقدمہ خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کی تھی اور اسی دوران وکلا کے دلائل سننے کے بعد عمران خان کے خلاف اخراج مقدمہ کی درخواست پر سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم کو مقدمے میں شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔