پاکستان کے پہلے اور سب سے بڑے اسلامی بینک میزان بینک نے ہواوے ٹیکنالوجیز پاکستان کیلئے ان لینڈ بل ڈسکاؤنٹنگ کی سہولت کیلئے متبادل اسلامک سلوشن کا آغاز کیا ہے۔ یہ اسلامک بینکنگ انڈسٹری میں اپنی نوعیت کی پہلی ٹرانزیکشن ہے جو کہ مقامی بل میں رعائیت کی سہولت کے متبادل کے طورپر شریعہ کے مطابق تیارکی گئی ہے۔
اس سہولت کے تحت پہلی دفعہ پاک ٹیلی کام موبائل لمیٹڈ(یوفون) کی طرف سے ہواوے کی موئخر ادائیگی کیلئے کھولے گئے ان لینڈ لیٹر آف کریڈٹ کی ادائیگی کی گئی تھی۔ میزان بینک نے مسلسل غور و فکر اور کوششوں کے بعد یہ ٹرانزیکشن سلوشن بینک کے شریعہ بورڈ کے نائب چیئرمین ڈاکٹر عمران اشرف عثمانی کی نگرانی اور رہنمائی میں تیار کی ہے۔
اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ کارپوریٹ اینڈ انسٹی ٹیوشنل بینکنگ عبداللہ احمد نے کہاکہ اسلامک بینکنگ انڈسٹری کیلئے ایک اور سنگِ میل حاص کرنے پر خوشی ہے۔ یہ متغیر منافع کی شرحو ں کے ساتھ طویل المدّتی اندرون ملک بلوں میں رعایت کا شرعی موافق متبادل سلوشن ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں امید ہے کہ یہ سہولت ٹیلی کام انڈسٹری کے اندر تجارت سے متعلق منفرد ٹرانزیکشنز کی مثال کے طور پر کام کرے گا۔
اس موقع پر میزان بینک کے گروپ ہیڈ شریعہ کمپلائنس احمد علی صدیقی نے کہاکہ میزان بینک کی یہ کوشش آؤٹ آف دی باکس، جدّت اور شریعہ کے مطابق سلوشن تیار کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرنے کے ساتھ ساتھ ملک کے سرکردہ اسلامی بینک کے طورپر میزان بینک کی پوزیشن کو مضبوط کرتی ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ سہولت شریعہ کے مطابق کاروباراور صنعتوں کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کیلئے ایک نئے باب کا آغاز کرے گی اور مزید کاروباراور تجارت اسلامی بینکاری کے دائرے میں آئیں گے۔