کراچی ( نمائندہ خصوصی)ادارہ ترقیات کراچی سیلاب متاثرین کی مکمل بحالی کے لئے اپنے بھرپور وسائل کا استعمال کرنے کے لئے تیار ہے۔ ادارہ سمیت افسران و ملازمین سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے ہر ممکن تعاون کررہے ہیں۔ یہ بات ممبر فنانس کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ سے ملاقات کے دوران کہی۔
اس موقع پر ممبر فنانس کے ہمراہ سیکریٹری کے ڈی اے شمس الحق صدیقی، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی سید صبور علی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ کی ہدایت پر ممبر فنانس اور سیکریٹری کے ڈی اے نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے احمد شاہ کو سیلاب متاثرین کے لئے امدادی چیک پیش کیا۔
آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ نے ادارہ ترقیات اور ڈائریکٹر جنرل کو اس مصیبت کی گھڑی میں سیلاب متاثرین کی مالی امداد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور باسیوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہر سطح پر نمایاں کردار ادا کیا ہے، جوکہ قابل ستائش عمل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ادارہ ترقیات کراچی سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے ساتھ ساتھ بھرپور امدادی تعاون جاری رکھے گا۔