شیڈ کی تعمیر کے کام معائنہ، جون تک اسکیم مکمل کرنے کی ہدایت
کراچی (بیورورپورٹ) صوبائی وزیر اقلیتی امور گیانچند ایسرانی کا گولیمار میں شمشان گھاٹ کا دورہ ۔ جاری ترقیاتی اسکیموں کا معائنہ کیا۔ مہاراج رام ناتھ ، سندھ نان مسلم ویلفیئر کمیٹی کے رکن مکھی اودھا مل ، محکمہ اقلیتی امور کے ایگزیکٹو انجینئر سنجے راجا و دیگر بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے شمشان گھاٹ میں شیڈ کی تعمیر کے کام کا جائزہ لیا اور جون تک اسکیم ہر صورت میں مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 4 ماہ قبل محکمہ اقلیتی امور کا قلمدان سنبھالنے کے بعد شمشان گھاٹ کے دورے پر شیڈ کی تعمیر کے احکامات جاری کئے تھے ۔شیڈ کی تعمیر کا کام آخری مراحل میں ہے ، جون تک مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں ہندو برادری کے لیے ایک ہی شمشان گھاٹ ہے، یہاں پر مزید سہولیات فراہم کریں گے تاکہ ہندو برادری کو اپنے پیاروں کی آخری رسومات ادا کرنے میں کوئی پریشانی نہ آئے ۔
صوبائی وزیر اقلیتی امور نے کہا کہ شمشان کی زمین قابضین سے واگزار کرائی گئی ہے ، اس پر گوشالہ کی تعمیر کا اعلان کیا تھا ، گوشالہ کی تعمیر کا بھی جلد آغاز کیا جائے گا ۔ صوبائی وزیر
نے کہا کہ صوبے بھر میں اقلیتی برادری کے مقدس مقامات پر جاری ترقیاتی اسکیموں کا دورے کر کے جائزہ لے رہا ہوں ۔