نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(نکاٹی) نے صنعتی ورکرز اور پورے نارتھ کراچی کے غریب ونادار بچوں کو مفت تعلیم فراہم کرنے کے لیے لیومنری لرننگ سرکل فاؤنڈیشن (ایل ایل سی ایف) کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے اس حوالے سے لیجنڈری کرکٹر اور ایل ایل سی ایف کے وائس چیئرمین جاوید میاں داد نے نکاٹی کا دورہ کیا اور ایسوسی ایشن کے صدر فیصل معیز خان اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی۔ ملاقات میں نارتھ کراچی میں زیر تعمیر اسکول کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جہاں صنعتکار برادری بھی اپنا حصہ ڈالے گی۔فیصل معیز خان نے لیجنڈری کرکٹر جاوید میاں داد اور ایل ایل سی ایف کے سربراہ نجیب ہارون کو نارتھ کراچی کے صنعتکاروں کی جانب سے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ایل ایل سی ایف کے تحت نارتھ کراچی ایریا میں زیر تعمیر اسکول کی عمارت میں کیپٹن معیز خان بلاک تعمیر کیا جائے گا اور صنعتکار فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی رہے گی۔لیجنڈری کرکٹر اور ایل ایل سی ایف کے وائس چیئرمین جاوید میاں داد نے صدر نکاٹی فیصل معیز خان اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وہ پُرامید تھے کہ فیصل معیز خان سمیت نکاٹی کے صنعتکار انہیں مایوس نہیں کریں گے اور بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں ان کے ادارے کا ہاتھ بٹائیں گے جو کہ نکاٹی کے سرپرست اعلیٰ اور ایل ایل سی ایف کے بانی کیپٹن اے معیز خان کا بھی ایک خواب تھا۔