امریکا میں مقیم بعض مخیر پاکستانی شخصیات نے کورنگی میں قائم انڈس اسپتال کے لیے بڑے پیمانے پر فنڈ ریزنگ مہم کا آغاز کردیا۔ اس مہم کے دوران ایک ہی نشست میں ایک لاکھ 6 ہزار ڈالر کے عطیات جمع کیے گئے ۔امریکا میں مقیم پاکستانی سینئر صحافی عارف الحق عارف کے مطابق امریکا میں رہنے والے پاکستانی وطن عزیز کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں اور ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں غریب عوام کی فلاحی بہبود کے لئے کام کرنے والے اداروں کو بڑھ چڑھ کر مالی تعاون فراہم کرنے میں ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔ کیلیفورنیا میں سیکرامنٹو اور بے ایریا میں بھی فنڈ ریزنگ کی یہ تقریب منعقد ہوتی ہے۔سیکرامنٹو میں اس ہسپتال سے محبت کرنے والوں کا ایک بڑا گروپ ہے ۔ معروف سماجی رہنما ڈاکٹر مقبول احمد اور ان کی بیگم ڈاکٹر مسرت ملک نے سیکرا منٹو کے ایک ہوٹل میں انڈس ہسپتال کے مالی تعاون کی یہ تقریب منعقد کی۔پاکستان شو بز کی دو بڑی شخصیات اداکار نعمان اعجاز اور سینئر اداکارہ بشری انصاری خصوصی طور پر پاکستان سے شرکت کی۔ منتظم اعلی ڈاکٹر مقبول احمد کے مطابق شرکاء کی جانب سے اس موقع پر ایک لاکھ 6 ہزار ڈالر کے عطیات دیئے گئے جو اس سے پہلے کی فنڈ ریزنگ سے زیادہ تھے۔واضح رہے کہ انڈس ہسپتال جو لاکھوں غریب اور بے سہارا دُکھی افراد کو ہر قسم کے علاج کی بالکل فری سہولتیں فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ ہے جو اب پورے پاکستان میں اپنی سروسز کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔یہ ہسپتال ہر ماہ چار لاکھ پچاس ہزار مریضوں کو مفت علاج کی سہولتیں فراہم کرتا ہے جن میں کینسر جیسے مہنگے ترین علاج سمیت تمام بیماریوں کا علاج شامل ہے۔گزشتہ 2021کے مالی سال کی آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس کے سالانہ اخراجات263 کروڑ56 لاکھ42 ہزار99 روپے تھے یہ اخراجات پاکستان اور امریکہ سمیت دنیا بھر کے ممالک میں آباد پاکستانیوں کے فراخ دلانہ عطیات سے پورے کئے جاتے ہیں۔