کراچی ( نمائندہ خصوصی) ادارہ ترقیات کراچی شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن بنانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ نے سوک سینٹر کانفرنس روم میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ انڈر پاسز، فلائی اوورز سمیت ٹوٹ پھوٹ کے شکار روڈز کی فوری طور پر نشاندہی کی جائے، گزشتہ ماہ سے جاری ریکارڈ بارشوں کے باعث شہر کراچی کی سڑکیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں ان کو فوری طور پر مرمت کرکے قابل استعمال بنانے کے لئے اپنی قابلیت کا بھرپور مظاہرہ کریں، ماضی قریب میں کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر کے انفرا اسٹرکچر اور شہریوں کو آرام دہ سفری سہولیات مہیا کی ہیں، ان کامیاب پروجیکٹس کی آج بھی ہر سطح پر پذیرائی حاصل ہے۔ ماضی کی روایت کو قائم رکھتے ہوئے ایک بار پھر ادارہ شہر کی تعمیر و ترقی میں اپنے بھرپور وسائل کا استعمال کرنے کے لئے تیار ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید محمد علی شاہ نے مزید کہا کہ متعلقہ انجینئرز کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور اسٹیک ہولڈرز کے نمائندوں کے ساتھ مضبوط روابط قائم رکھیں اور باہمی اتفاق کے ساتھ شہر بھر کا سروے کرکے ٹوٹ پھوٹ کا شکار انڈر پاسز، فلائی اوورز اور سڑکوں کی نشاندہی کرکے ہنگامی بنیادوں پر کل تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ سفارشات کی حکومت سندھ سے منظوری لینے کے بعد فوری طور پر شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی جائے گی، پہلے مرحلہ میں عارضی طور پر شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کرکے قابل استعمال بنایا جائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں مستقل بنیادوں پر انڈر پاسز، فلائی اوورز اور سڑکوں کو جدید خطوط پر تعمیر و مرمت اور تزئین و آرائش کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈی جی ٹیکنیکل کے ایم سی اظہر شاہ سمیت سپرنٹنڈنگ انجینئر طارق رفیع، ایگزیکٹو انجینئر عبدالمطلب منان،ترجمان کے ڈی اے سید صبور علی سمیت دیگر افسران موجود تھے