اسلام آباد( نمائندہ خصوصی )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری (آج) پیر22 سے 26 اگست تک یورپ میں اپنے پہلے دورے کے دوران یورپی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تعاون اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں 4 ممالک کا دورہ کریں گے،5 روزہ دورے کے دوران وزیر خارجہ جرمنی، ڈنمارک، سوئیڈن اور ناروے کا دورہ کریں گے۔دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار کے مطابق ان ممالک کے ساتھ تعلقات کے سیاسی پہلو کے علاوہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات وزیر خارجہ کے دورے کے ایجنڈے کا اہم مرکز ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ 4 ممالک پاکستان کے یورپ کے ساتھ تعلقات کےلئے اہم ہیں کیونکہ ان ممالک میں پاکستانی تارکین وطن بڑی تعدادمیں موجود ہیں اور پاکستان میں ان کی سرمایہ کاری ہے۔
دورے کے دوران وزیر خارجہ اپنے ہم منصبوں اور دیگر اعلیٰ عہدے داروں کے ساتھ بات چیت میں ان ممالک میں پاکستانیوں کے لیے مواقعوں کی فراہمی اور دو طرفہ اقتصادی روابط کو مزید گہرا کرنے پر زور دیں گے۔پاکستان اور جرمنی کے درمیان سیاسی اور عسکری سطح پر کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوچکی ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے تعلقات کو کتنی اہمیت دے رہے ہیں، مزید برآں جرمن کمپنیوں نے بھی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کے ساتھ دیرینہ اور کثیر جہتی تعلقات ہیں، یہ ممالک ایک بڑی پاکستانی کمیونٹی کا گھر ہیں اور پاکستانی طلبہ کے لیے یہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے ترجیحی منزلیں ہیں۔