اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 22 سے 26 اگست تک جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کا سرکاری دورہ کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ دوروں کے دوران ان اہم شراکت داروں کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط اور وسعت دینے پر بات چیت کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری جرمنی، ڈنمارک، سویڈن اور ناروے کے ہم منصبوں سے ملاقات کے علاوہ دیگر معززین سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیر خارجہ ڈنمارک کے ساتھ ’گرین فریم ورک انگیجمنٹ، معاہدے پر بھی دستخط کریں گے،معاہدے میں موسمیاتی تبدیلی کے تعاون پر توجہ مرکوز کی جائےگی، جو حکومت کا ایک ترجیحی شعبہ ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے جرمنی، ڈنمارک ،سویڈن اور ناروے کے ساتھ دیرینہ، کثیر جہتی تعلقات ہیں۔ وزیر خارجہ کے دورے ان ممالک کے ساتھ پاکستان کے کثیر جہتی تعلقات کو مزید تقویت دیں گے۔