اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کے باعث ان کی انجیو گرافی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ذرائع پمز ہسپتال کے مطابق شہباز گل مسلسل سانس کی تکلیف کی شکایت کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کا ایک اور ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، میڈیکل بورڈ نے سانس کی تکلیف اور پھیپھڑوں کے مکمل چیک اپ کےلئے شہباز گل کے ٹیسٹ کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے شہباز گل کی سی ٹی پلمونری انجیو گرافی کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کی جانب سے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ کی 8 روز کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں پیر تک پمز اسپتال میں رکھنے اور ان کا دوبارہ میڈیکل کرانے کا حکم دیا تھا۔گزشتہ روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے الزام عائد کیا تھا کہ شہباز گل کو تشدد کے ساتھ جنسی زیادتی کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے۔عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیان میں کوئی حقیقت نہیں ہے، اگر کسی کو کوئی شک ہے تو درخواست دائر کر دے۔