ٹھٹھہ ( نمائندہ خصوصی )وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پر سب سے پہلے صوبہ سندھ کے بارش متاثرہ علاقوں کے عوام کو ریسکیو کرکے انہیں اشیاء خورونوش، پینے کے صاف پانی، خیمے، مچھرانیوں اور صحت کی سہولیات کی فراہمی سمیت ہر قسم کا ریلیف دینے کے لیے تمام وسائل بروغے کار لائے جا رہے ہیں تاکہ انہیں مشکلات سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت کابینہ کے تمام وزراء، ایم پی ایز، ایم این ایز، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کے افسران موجودہ صورتحال میں عوام کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر طرح سے مدد کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو اپنے عوام کا احساس ہے، انہیں کسی صورت بھی بے یارو مدد گار نہیں چھوڑا جائے گا
ہر ممکن مدد سمیت تمام سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفس ٹھٹھہ کے احاطے میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا سید ناصر شاہ، رسول بخش چانڈیو، مکیش کمار چاولہ، معاونین خاص صادق علی میمن اور ریاض حسین شاہ شیرازی، پ پ رہنماء عاشق حسین زرداری، عبدالحمید پنہور، غلام قادر پلیجو، محمود عالم شاہ، امتیاز قریشی، ڈویزنل کمشنر ندیم الرحمان میمن، ڈی آئی جی سید پیر محمد شاہ، ڈپٹی کمشنر غضنفر علی قادری، ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو اور دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔
وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پورے ملک بشمول صوبہ سندھ کراچی سے کشمور تک اس بار 500 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں، صوبہ سندھ کو آفت زدہ قرار دینے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ میرے دورے کا مقصد علاقوں میں پہنچ کر لوگوں کے مسائل سننا اور ان کو حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا گذشتہ 2010 کے سیلاب کے دوران بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کی جانب سے کو چیئرمن آصف علی زرداری کی ہدایات پر لوگوں کی مالی مدد کیلئے وطن کارڈ جاری کرنے سمیت تمام سہولیات فراہم کی گئی تھیں جبکہ اب بھی متاثرہ لوگوں کے مکانات، فصلوں اور مویشیوں سمیت تمام نقصانات کی تفصیلات اکٹھی کی جا رہی ہیں تاکہ ان کے نقصانات کا جلد ازالہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں بھی شامل کرکے متاثرین کی مالی مدد کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ پی ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بارش متاثرین کی مدد کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جبکہ سیلاب زدہ اور زیر آب علاقوں سے ہنگامی بنیادوں پر پانی کی نکاسی سمیت ضلع کے تباہ شدہ پلوں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں اور مکمل انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صوبہ سندھ میں فیز ٹو کے تحت 28- اگست کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ بارشوں کے بعد پیدا ہونے والی تمام صورتحال پر الیکشن کمیشن کی نظر ہے اور انتخابات کے متعلق الیکشن کمیشن ہی فیصلہ کرے گی۔
ایک اور سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ضلع کے تمام ہسپتالوں اور مراکز صحت میں سانپ کے کاٹنے کی ویکسین سمیت مطلوبہ ادویات اور دیگر تمام سہولیات کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ صحت کے افسران کو احکامات جاری کئے گئے ہیں اس کے علاوہ لوگوں کو ملیریا اور ڈینگی جبکہ مویشیوں کے چارے سمیت مختلف بیماریوں سے بچانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر آفیس میں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ضلع ٹھٹھہ میں شدید بارشوں کی تباھکاریوں کا جائزہ لینے کے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ضلع کے منتخب نمائندوں سمیت ڈپٹی کمشنر نے بارشوں کے باعث تباھکاریوں اور نقصانات کے متعلق مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔
وزیر اعلی سندھ نے ڈپٹی کمشنر و دیگر تمام متعلقہ محمکوں کے افسران اور منتخب نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع میں ہونے والے نقصانات کے متعلق ایک جامع سروے رپورٹ ارسال کریں تاکہ متاثرین کے نقصانات کا جلد سے جلد ازالہ کیا جا سکے۔ انہوں انہیں مزید ہدایت کی کہ موجودہ مشکل صورتحال میں عوام کے درمیان موجود رہتے ہوئے بلا تفریق ہر قسم کے رلیف کی فراہمی کے لئے ہر وقت متحرک رہیں۔ منتخب نمائندوں اور پارٹی رہنماؤں نے ضلع کے مختلف علاقوں میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے موقع پر ہی متعلقہ محکموں کے وزراہ اور افسران کو فوری طور پر تمام مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ضلع ٹھٹھہ کے دورے پر آمد کے موقع پر گھارو، گجو و ديگر بارش متاثرہ دیہات اور علاقوں کا دورہ کرکے سیلابی صورتحال اور بارش متاثرین کی امداد و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرین سے ملاقات کرکے مسائل معلوم کئے اور متعلقہ حکام کو موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔