کمشنر کراچی نے متعلقہ ایسوسی ایشن کے مطالبے پر جمعے تک وقت دے دیا۔
ڈپٹی کمشنرز، بیورو آف پرائسز کی سفارشات کے مقابلے میں مارکیٹ میں مرغی اور بکرے کے گوشت کی قیمتوں میں بہت زیادہ فرق ہے۔ کمشنر کراچی
قیمتیں تھوپنے کا کوئی ارادہ نہیں، انتظامیہ چاہتی ہے کہ حتمی فیصلہ متفقہ طور کیا جائے۔ کمشنر کراچی
کراچی (نمائندہ خصوصی ) کمشنر کراچی محمد اقبال میمن کی زیر صدارت قیمتوں کے تعین کے سلسلے میں دو ہفتوں میں چوتھا اجلاس ۔ قیمتوں پر ڈپٹی کمشنرز اور بیورو آف پرائسز کی رپورٹس کے بعد آج متعلقہ ایسوسی ایشنز سے مرغی اور بکرے کے گوشت پر حتمی مشاورت کے لئے الگ الگ اجلاس منعقد کئے۔ متعلقہ ایسوسی ایشنز سے تین گھنٹے طویل مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز ، پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین غلام خالق ، وائس چیئرمین سلمان منیر، صدر چکن ریٹیلر ایسوسی چودھری تنویر احمد، صدر چکن ریٹیلر ایسوسی ایشن عمران مغل ، جنرل سیکرٹری چکن ریٹیلر ایسوسی سید تصویر شاہ، چیئرمین کنزیومر رائٹس کائونسل شکیل بیگ، چیئرمین کنزیومر آئی پاکستان عمر غوری، صدر میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن عثمان قریشی، جنرل سیکرٹری شیخ ارسلان ، شیخ القریش ایسوسی ایشن کے چیئرمین شاہد حسین قریشی کے علاوہ لائیو اسٹاک، کے ایم سی، بیورو آف پرائسز، سندھ فوڈ اتھارٹی کے افسران و دیگر نے شرکت کی۔ الگ الگ اجلاس میں متعلقہ ایسوسی ایشن سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور بیورو آف پرائسز نے مٹن اور چکن کی قیمتوں پر بڑی محنت سے ورکنگ کی ہے ، انہوں نے مٹن کی اوسطاً 1128 روپے فی کلو گرام قیمت کی سفارش کی ہے ۔
جبکہ زندہ مرغی 221 روپے اور مرغی کے گوشت کی 340 روپے سفارش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سفارش کی گئی قیمتوں اور مارکیٹ ریٹ میں بہت زیادہ فرق ہے، مرغی 500 سو اور مٹن 1400 سے لیکر 2000 تک فروخت ہو رہا ہے ۔ ہم نہیں چاہتے کہ کسی کا کاروبار متاثر ہو ، لیکن عام شہریوں سے یہ ناجائز ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ایسوسیشن کو انتظامیہ کی سفارشات پرکوئی اعتراض ہے تو واضع کریں ، تاکہ حتمی فیصلہ متفقہ طور پر کریں۔
اس موقع پر سینیئر وائس چیئرمین پولٹری ایسوسی ایشن پاکستان غلام خالق نے بتایا کہ قیمتیں ہمارے کنٹرول میں نہیں، طلب و رسد پر قیمتیں اوپر نیچے جاتی ہیں۔ کراچی میں گزشتہ 12 سال سے قیمتیں مقرر کی جاتی ہیں ، قیمتیں مقرر کرنے کے لیے طلب و رسد کے تحت میکینزم بنایا جائے۔ میٹ مرچنٹ ایسوسی ایشن صدر عثمان قریشی ،جنرل سیکرٹری شیخ ارسلان اور چیئرمین شیخ القریش ایسوسی ایشن شاھد حسین نے مٹن کی قیمتوں کے تعین کے لئے وقت مانگ لیا۔
چیئرمین کنزیومر رائٹ پروٹیکشن شکیل بیگ اور چیئرمین کنزیومرز آئی پاکستان عمر غوری نے انتظامیہ کی سفارشات کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ شہری انتظامیہ کی نے پہلی بار قیمتوں پر تفصیلی اور بہترین وررکنگ کی ہے ۔ کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کہا کہ انتظامیہ کی قیمتیں تھوپنے کا کوئی ارادہ نہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ فیصلہ متفقہ ہو ۔ کمشنر کر اچی نے ایسو سی ایشنز کو چکن اور مٹن کی قیمتوں کے تعین کے لئے جمعے تک وقت دے دیا۔