اسلام آباد (بیورورپورٹ) سی پی این ای نے خواتین صحافیوں کے خلاف اخلاق سے گری مہم کی شدید مذمت کی ہے۔کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز کے صدر کاظم خان نے کہا کہ اختلاف کریں مگر انسانیت کے دائرے کے اندر رہ کرکریں،کسی بھی معاشرے کو اس حد تک گراوٹ کا شکار نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جو بات آپ کو اچھی نہ لگے اس پر لعنت اور گالیوں کی بوچھاڑ قابل مذمت ہے،
آزادی اظہار ذمہ داری کے ساتھ ہر صحافی کا نصب العین ہونا چاہیے، خدارا نظریاتی اختلافات کو کسی کی کردار کشی کے لیے استعمال نہ کریں۔سی پی این ای کے صدر نے کہاکہ سیاسی جماعتوں کے ورکرز دوسروں کی رائے کا بھی احترام کریں، سیاسی جماعتوں کے سربراہان کی طرف سے ایسے ٹرینڈز کی حوصلہ شکنی ضروری ہے جبکہ حکومتی اداروں کو ایسے ٹرینڈز چلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنی چاہیے۔