کراچی( کامرس رپورٹر )
پاکستان اسٹیل ملز سے اربوں روپوں کا سامان چوری ہونے کا اسکینڈل سامنے آنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے کی انکوائری کے باوجود چوری کا سلسلہ تاحال تھم نہیں سکا ۔مقامی پولیس ، اسٹیل مل سیکورٹی اور عملے کی ملی بھگت سے رات کی تاریکی میں چوری شدہ لوہا اور تامبہ دن کی روشنی میں گدھا گاڑیوں کے ذریعے جنگل سے نکالے جانے لگا ۔تفصیلات کے مطابق بن قاسم کے علاقے میں قائم پاکستان اسٹیل ملز سے دس ارب روپے سے زائد کا سامان چوری ہونے پر ایف آئی اے نے اسٹیل مل کے سی ای او، وائر ہائوسز انچارج اور فوکل پرسن سے 2018 سے لیکر 2022 تک مل میں کتنا اسٹیل، کاپر اور خام مال موجود تھا کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے ،
جبکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے اربوں روپوں کے چوری اسکینڈل سامنے آنے پر 6 افسران کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا ۔پاکستان اسٹیل ملز سے اربوں کی چوری کے باوجود تاحال رات کی تاریکی میں چوری کا سلسلہ جاری ہے ، دستیاب ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بن قاسم تھانے کی حدود اسٹیل مل کے جنگل سے گدھا گاڑی پر چوری شدہ لوہا لوڈ کر کے باہر نکلا جا رہا ہے۔ اور دوسری ویڈیو میں بھی دیکھا جاسکتا ہے کہ جنگل کی جھاڑیوں میں کاپر کے کیبل چوری کے بعد ڈمپ کئے گئے ہیں۔ زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسٹیل مل سے لوہا ، کاپر ، اسٹیل ، کیبل اور دیگر سامان چوری کرنے میں 12 سے زائد گینگ ملوث ہیں ، زرائع کے مطابق چوری کا منظم نیٹ ورک کو بن قاسم پولیس کی مکمل سرپرستی حاصل ہے، زرائع کا کہنا ہےکہ چور مافیا کو اسٹیل مل کی سیکیورٹی سمیت وائر ہائوسز انچارجز و عملی کی ملی بھگت شامل ہیں ، زرائع سے معلوم ہوا ہے کہ چور مافیا کے کارندے رات کی تاریکی میں اسٹیل مل کی باؤنڈری وال سے کاپر اور لوہا باہر پھینکتے ہیں، وہاں سے چوری شدہ مال جنگل کی جھاڑیوں میں ڈمپ کیا جاتا ہے اور پھر دن میں گدھا گاڑیوں کے ذریعے چوری شدہ سامان ٹہکانے لگا دیا جاتا ہے۔زرائع کے مطابق اسٹیل مل سے چوری میں ملوث گروہ نے بن قاسم تھانے میں تین قسم کی سیٹنگ بنا رکھی ہیں، جن میں روزانہ، ہفتہ وار اور ماہانہ کی بنیاد پر بھتہ کی ادائیگی شامل ہیں۔ زرائع کا کہنا تھا کہ بعض اوقات جمعہ اور ہفتے کی درمیان شب یا ہفتے اور اتوار کی درمیان شب کو اسٹیل مل سیکورٹی اور بن قاسم پولیس کی آشیرباد سے ٹرکوں کے ذریعہ لاکھوں روپوں کا اسکریپ نکالا جاتا ہے،
زرائع کا کہنا تھا کہ ٹرک کے ذریعے چوری شدہ مال کی نصف رقم دو حصوں میں مقامی پولیس اور مل سیکورٹی میں تقسیم کی جاتی ہے ۔ زرائع کے بقول اس کے علاؤہ بن قاسم پولیس اسٹیل مل سے چوری میں ملوث گروہ سے ہفتہ وار دس لاکھ روپے سے زائد رقم رشوت کے عوض بٹور نے لگے ہیں ۔ جبکہ مقامی پولیس ماہانہ لاکھوں روپے چوری مافیا سے وصول میں ملوث ہے۔ واضح رہے کہ سابق تھانیدار انسپکٹر عمران فریدی کو بھی اسٹیل مل سے خام مال چوری میں ملوث عناصر کی پشت پناہی کے الزام پر معطل کیاگیا تھا ۔