کراچی ( نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن سے سی پی این ای وفد کی ملاقات۔ وفد میں سی پی این ای سیکرٹری جنرل عامر محمود ، ڈاکٹر عبدالجبار خٹک ، مقصود یوسفی ، سعید خاور ، غلام نبی چانڈیو اور بشیر میمن شامل تھے۔ سیکرٹری اطلاعات عبدالرشید سولنگی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ وفد نے صوبائی وزیر کو اخبارات کے مسائل بالخصوص پرنٹ میڈیا کے اشتہارات بڑھانے اور ادائیگیوں سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے صوبائی وزیر اطلاعات کو بتایا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد محکمہ اطلاعات صوبائی سبجیکٹ ہے ۔ لیکن بہت سے معاملات صوبائی حکومت کو منتقل نہیں ہوئے ۔ وفد نے تجویز دی کہ اخبارات کی اے بی سی کا اختیار صوبائی حکومتوں کو منتقل کرنے کا معاملہ وفاق کے ساتھ اٹھایا جائے ۔ صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی وفد کو تمام مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے کرتے ہوئے کہا کہ قیادت نے میڈیا کے مسائل حل کرنے کے لیے دوبارہ محکمہ اطلاعات کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات کی مد میں 80 فیصد ادائیگیاں کردی ہیں ۔ اخبارات کی نان بجٹڈ ادائیگیاں بھی یقینی بنائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کا قلمدان سنبھالتے ہی اشتہارات کی نئی پالیسی تیار کرنے کے احکامات دیئے تھے ۔ اشتہارات پالیسی 2022 منظور کرالی ہے ، جس میں ڈیجیٹل میڈیا کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ کل ( جمعرات) کو اخبارات میں ڈیجیٹل میڈیا کی رجسٹریشن کے لیے اشتہار شایع ہوجائے گا۔ پرنٹ ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا کے اشتہارات کی بجٹ مختص کر رہے ہیں۔