بلوچستان حکومت کی جانب سے متاثرین کو ہر ممکن امداد کی فراہمی جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی
ڈیرہ مراد جمالی (نمائندہ خصوصی )حالیہ طوفانی بارشوں کے نتیجے میں بلوچستان میں ریکارڈ تباہی آ چکی ہے ضلع نصیر آباد میں بھی ہزاروں افراد سیلاب سے متاثر ہو کر بے گھر ہو گئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ مراد جمالی محترمہ حدیبیہ جمالی ربیع کینال کے علاقے چھتر روڈ پر سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے 8 کلو میٹر کا طویل اور دشوار گزار فاصلہ پیدل طے کر کے پہنچ گئیں
انہوں نے صوبائی حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین میں خیمے ، پینے کا صاف پانی ، کھانا و دیگر راشن تقسیم کیا تقسیم کے عمل کے بعد وہ خواتین اور بچوں میں گھل مل گئیں کافی دیر تک ان کے پاس بیٹھی رہیں اور ان کا حوصلہ بڑھاتی رہیں انہیں یقین دلایا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا مت سمجھیں صوبائی حکومت کی جانب سے نصیر آباد کی ضلعی انتظامیہ مکمل بحالی تک ان کو ہر ممکن امداد فراہم کرتی رہے گی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈیرہ مراد جمالی ڈاکٹر ایاز حسین جمالی اور لوکل گورنمنٹ آفیسر میر نثار احمد بھی امدادی کاموں میں ان کے ہمراہ تھے