کراچی(نمائندہ خصوصی )بلڈر نے چند پیسوں کے عیوض عمارت پر قبضہ کر کے کئی افراد کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا،کراچی کے علاقے سرجانی ٹاﺅن میں زیرِ تعمیر 4 منزلہ عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں 1 مزدور جاں بحق جبکہ دیگر10مزدورزخمی ہوگئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاﺅن سیکٹر فور ڈی میں زیر تعمیر عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں کئی افراد ملبے تلے دب گئے، جن کی چیخ و پکار باہر کھڑے افراد کو سنائی دیتی رہی۔رات کے اندھیرے کے باعث امدادی کارروائیوں میں دشواریوں کا سامنا رہا، تاہم صبح ہوتے ہی مزید مشینری طلب کرلی گئی۔ریسکیوذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 11 مزدور زخمی ہوئے تھے ،زخمی مزدوروں کو عباسی شہیداسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک زخمی 25 سالہ وریام زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔زخمیوں کی شناخت 30 سالہ ناصر،20 سالہ صغیر،24 سالہ راشد، 27 سال قیوم، 20 سالہ محمد سلیم ، 17 سالہ آکاش اور34 سالہ امیر کے نام سے ہوئی۔پولیس حکام کے مطابق عمارت کے ملبے میں فی الحال کسی شخص کے دبے ہونے کے شواہد نہیں ملے، ہیوی مشینری طلب کر لی گئی ہے اور کرین سے ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔پولیس کے مطابق عمارت کے گراﺅنڈ فلور پر رکشے پارک کیے جاتے تھے، ملبے میں متعدد رکشے بھی ملبے میں دب کر تباہ ہوگئے ہیں۔ڈی آئی جی ویسٹ ناصرآفتاب کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بلڈنگ میں فلیٹ زیرِ تعمیر تھے، تاہم اس کے بلڈر سے اب تک رابطہ نہیں ہو سکا ہے۔انہوں نے بتایاکہ 11زخمی مزدوروں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم ایک مزدور دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔