لاہور( بیورو رپورٹ) بندرگاہوں پر پھنسے درآمدی مال کے سیکڑوں کنٹینرز کی چند روز میں کلیئرنس کا امکان ہے۔ کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد ادریس کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 5 جولائی 2022 تک بندرگاہوں پر پہنچنے والے درآمدی مال کے ان تمام کنٹینرز کو چھوڑنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو اسٹیٹ بینک کی منظوری کے انتظار میں پھنسے رہے۔انہوں نے ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک کی جانب سے موصول ہونے والے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ کراچی چیمبر کی جانب سے جمع کرائے گئے وہ تمام کیسز جن میں بل آف لیڈنگ 5 جولائی 2022 کو اسٹیٹ بینک کی ہدایات کے اجرا ءسے پہلے کا ہے اگلے 2 سے 3 دنوں میں ریلیز کر دیئے جائیں گے۔ ایسے ہی پھنسے ہوئے مزید کنسائنمنٹ کی ریلیز کیلئے زیر التوا ءدرخواست بھی اسٹیٹ بینک کو بھیجی جاسکتی ہے۔