کراچی(کرائم رپورٹر)
آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے سنٹرل پولیس آفس کراچی میں ایک سادہ و پروقار تقریب کے دوران پاکستان فلمز، ڈرامہ،اسٹیج کے معروف اداکار فہد مصطفٰی کو پولیس کے اعزازی خطاب سے نوازا۔فلم قائداعظم زندہ باد میں فہد مصطفیٰ کےایس ایچ او گلاب کے کردار کو بے حد مقبولیت ملی اور ان کے کردار کو سراہتے ہوئے یوم آزادی کے موقع پر اداکار کو ان کی اس کارکردگی پر پولیس کے اعزازی خطاب سے نوازا گیا ہے۔
نبیل قریشی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم میں اداکار نے اپنےکردار کے ذریعے بدعنوانی/ رشوت ستانی اور دیگر سماجی برائیوں سے پردہ اٹھانے کے علاوہ عوام میں سندھ پولیس کے مثبت کردار کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی اور پولیس کی اچھی کارکردگی کو عوام کے سامنے لائے۔آئی جی سندھ سے ملاقات میں فہد مصطفیٰ نے سندھ پولیس کی کارکردگی اور بہترین نتائج کےحوالے سے اپنی قیمتی تجاویز شیئر کیں۔اس اہم موقع پر فہد مصطفیٰ کا کہنا تھد کہ آج مجھے یقین ہے کہ گلاب نے اپنے سارے بڑے خوابوں کو حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے آئی جی سندھ غلام نبی میمن سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر مجھے پولیس کے اعزازی خطاب سے نوازنا میرے باعث مسرت اور افتخار ہے۔
تقریب میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب کے علاوہ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ ڈی آئی جی ٹرینگ سندھ،ڈی آئی جی کرائم اینڈ انویسٹی گیشن سندھ اور اے آئی جی آپریشنز سندھ اے آئی جی ویلفیئر بھی موجود تھے۔علاوہ اذیں ہدایتکار نبیل قریشی،مصنف و فلمسازفضاء علی مرزا اور ایل سی اے سندھ کے چیئرمین کمیل حیدر شاہ بھی موجود تھے۔