کراچی(کامرس رپورٹر) یونائٹیڈ بزنس گروپ کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اورصدر زبیرطفیل نے آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے موقع پوری قوم اوربزنس کمیونٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ وطن ہماراہے ،ہمارے بزرگوں نے بنایاہے اس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے،پاکستان ہیں تو ہم ہیں،اگر پاکستان نہ ہوتا تو ہم کسی ہندوسیٹھ کے غلام ہوتے اس لئے ہمیں آزادی اور آزاد پاکستان کی قدر کرتے ہوئے ملک کے استحکام کیلئے اختلافات بھلا کر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہیئے۔یو بی جی لیڈران نے یوم آزادی کے75سال مکمل ہونے پر مبارکباد کیلئے آنے والے تجارتی وفود سے ملاقات میں کہی۔
ملاقات کرنے والوں میں چیئرمین یو بی جی سندھ ریجن خالدتواب،مرکزی ترجمان گلزارفیروز،سابق سینئرنائب صدور ایف پی سی سی آئی مظہرعلی ناصر اور حنیف گوہر،سابق نائب صدر طارق حلیم،نوراحمدخان،صدر کاٹی سلمان اسلم،سابق صدور کاٹی زبیرچھایا،دانش خان، شیخ عمر ریحان اور دیگر تاجررہنما شامل تھے۔اس موقع پر تاجررہنماﺅں نے ایس ایم منیر کی خیریت بھی دریافت کی اورانکی صحتیابی کیلئے دعا کی۔ایس ایم منیر نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دے کر پاکستان بنایا تھا اورلاکھوں جانوں کا نذرانہ اس ملک کے قیام کیلئے پیش کیا تاکہ ہم ایک آزادملک میں رہ سکیں،یہ حقیقت ہی ہے کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اور پاکستان جیسے آزاد ملک میںتمام مذاہب کے لوگوں اور تمام رنگ و نسل کے شہریوں کو مکمل آزادی کے ساتھ ساتھ یکساں حقوق حاصل ہیں، پاکستان اور افواج پاکستان کے خلاف باتیں کرنے والے اپنی سازشوں سے بازآجائیں۔زبیرطفیل نے اس موقع پر کہا کہ وطن عزیز کے حصول کے لئے ہمارے اسلاف نے بے شمار قربانیاں دیں ،پاکستان ہمارے بزرگوں کی نشانی ہے اورہم پاکستان کے استحکام اور سلامتی میں کوئی کوتاہی نہیں کریں گے۔