کوئٹہ (نمائندہ خصوصی ) وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبے میں ناراض لوگوں سے مذاکرات کریں گے۔کوئٹہ میں پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے اس نعمت کی قدر کرنی چاہیے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے بلوچستان میں بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے، بلوچستان آدھا پاکستان ہے اور صوبے میں ہر علاقہ بارشوں سے متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک بہت بڑا قیمتی اثاثہ کھو دیا، ہیلی کاپٹر حادثے میں فوجی افسران شہید ہوئے،
متاثرین اور انفرااسٹرکچر کی بحالی ایک مشکل مرحلہ ہے۔عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وفاقی حکومت اور وزیرِ اعظم مشکل کی اس گھڑی میں ہر ممکن مدد کر رہے ہیں، مکمل تباہ مکانات کے لیے 5، 5 لاکھ اور جزوی متاثرہ گھروں کے لیے 2، 2 لاکھ روپے دیں گے جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین کو صوبائی اور وفاقی حکومت کی جانب سے 10، 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔انہوںنے کہاکہ بلوچستان میں ناراض لوگوں سے مذاکرات کریں گے، دونوں طرف کا نقصان ہمارا نقصان ہے، بلوچستان میں لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ بلوچستان نے جیلوں میں قیدیوں کی 2، 2 ماہ کی سزا معاف کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے قیدیوں کی سزا معاف نہیں ہو گی جو دہشت گردی میں ملوث تھے۔