کراچی(نمائندہ خصوصی )ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کورنگی ایسو سی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں پاکستان کے قیام کی 75 ویں ڈائمنڈ جوبلی جشن آزادی کے موقع پر منعقہ پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صنعتی علاقے کیلئے کورنگی ندی پر فلائی اوور بنانے کی منظوری دیدی ہے، یہ منصوبہ 5.5ارب روپے کی مالیت سے ایک سال میں تیار کیا جائے گا۔ اس منصوبے کا ترقیاتی کام یکم نومبر سےشروع کیا جائے گا جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر یہ منصوبہ 30 نومبر 2023 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ جام صادق پل کی مرمت کا کام بھی رواں سال مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم بارشوں کے بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار شہر بھر کی سڑکوں کیلئے بھی حکومت سندھ نے 2.5ارب روپے کی منظوری دی ہے جس کا کام جلد شروع ہوجائے گا۔ ایڈ منسٹریٹر کراچی نے کہا کہ حکومت سندھ نے شہر کی بہتری کیلئے بہت ساری اسکیموں کی منظوری دی جس میں کورنگی کا 14000 روڈ بھی شامل ہے جو کاٹی کیلئے حکومت سندھ بنائے گی۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر سلمان اسلم، کائیٹ کے سی ای او زبیر چھایا، یو بی جی کے صدر زبیر طفیل، ایڈمنسٹریٹر کورنگی جاوید کلہوڑ،ڈپٹی کمشنر کورنگی محمد علی زیدی، سینئر نائب صدر ماہین سلمان، نائب صدر فرخ قندھاری، سابق صدورگلزار فیروز، فرحان الرحمان، دانش خان، جوہر قندھاری، احتشام الدین، طارق ملک سمیت حمود الرحمان، معظم قریشی و دیگر بھی موجود تھے۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ کاٹی میں ہمیشہ مثبت تنقید اور باتیں ہوتی ہیں جس پر ایس ایم منیر، سلمان اسلم اور زبیر چھایا کا مشکور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ تنقید کرنا انتہائی آسان ہوتا ہے لیکن جن خاکروبوں نے گزشتہ 5 ہفتوں میں دن رات ایک کرکے بارشوں میں شاہراہوں کی بحالی کا کام کیا ان کی حوصلہ افزائی کوئی نہیں کرتا۔ ہم بطور قوم شکرگزار نہیں رہے، ہمیشہ تنقید نہیں کی جاتی۔
اس تنقید سے وہ سندھ حکومت یا کسی عہدیدار کا نام خراب نہیں کر رہے ہوتے وہ اپنے شہر اور ملک کو بدنام کر رہے ہوتے ہیں۔ شہر میں بہت کچھ مثبت ہو رہا ہے۔ کاٹی کے صدر سلمان اسلم نے کہا کہ پاکستان کی آزادی کو 75 سال مکمل ہوگئے، آج ہم ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں جو ہمیں ان لاکھوں افراد کی قربانی کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنی جانوں کا نذانہ دے کر اس ملک اور قوم کا نام روشن کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم مثبت پیغام ہی دینا جاہتے ہیں۔ تاہم حالیہ بارشوں میں جس طرح حکومت سندھ اور تمام حکام اور ملازمین نے بحالی کا کام کیا وہ قابل تحسین ہے۔ گزشتہ روز کورنگی کازوے پر سیلابی ریلے کیلئے ریلیف میں لوگوں کی جانوں کو بچانے پر ایڈمنسٹریٹر مرتضی وہاب، جاوید کلہوڑ، علی زیدی، معظم قریشی، موقع پر موجود حکام اور ان تمام ملازمین کےشکر گزار ہیں جنہوں نے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ریسکیو کا کام کامیابی سے سرانجام دیا۔ انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی پاکستان کی بقاءاور سلامتی کیلئے کوشاں ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہے، پاکستان ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ کائیٹ لمیٹڈ کے سی ای او زبیر چھایا نے اس موقع پر آج ہم پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، موجودہ معاشی بحران بین الاقوامی ہے جو چند مہینوں میں ٹل جائے گا، اور پاکستان دیوالیہ نہیں ہوسکتا، انہوں نے کہا کہ مرتضی وہاب کے والدین کی اس شہر کیلئے بہت خدمات ہیں اور وہ کراچی کے بیٹے ہیں۔ زبیر چھایا نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں بڑے بڑے پوش علاقے تباہی سے نہ بچ سکے لیکن حکومت سندھ کے بروقت اقدامات سے کورنگی صنعتی علاقے میں بحالی کا تیزی سے سرانجام پایا۔ سیلابی پانی کورنگی کازوے سے گزرا جس میں متعدد گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں پھنس گئی تاہم حکام کی بروقت کارروائی سے لوگوں کی جان اور ان کا املاق بچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے پاکستان پر یقین رکھتے ہیں، اگر آج پاکستان نہ ہوتا توہم آزادی کی فضاءمیں سانس نہ لے رہے ہوتے۔