کراچی(نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی سیاسی دانشمندی اور دور اندیشی سے پاکستان بنایا اور اب ایک ذمہ دار قوم کے طور پر ہمیں اس کی حفاظت کرنی ہے اور اسے سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط کرنا ہے۔
یہ بات انہوں نے قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی کے
ہمراہ مزار قائد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جہاں وہ آزادی کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آئے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کچھ سیاسی یتیموں نے اپنے بے بنیاد بیانیے کو آگے بڑھا کر ملک میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کی ہے لیکن اس ملک کے عوام سیاسی طور پر باشعور اور قومی پرچم تلے متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کی ترقی کے لیے ہم سب کو محنت کرنا ہوگی۔
ایک سوال کے جواب میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی اصل میں قدرتی آبی گزرگاہوں اور طوفانی نالوں کے ساتھ ایک منصوبہ بندی والا شہر تھا لیکن بدقسمتی سے وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ تمام قدرتی آبی گزرگاہیں
ہاؤسنگ سکیموں میں تبدیل ہوگئیں اور طوفانی نالوں کے کنارے تجاوزات نظر آنے لگیں۔