لاہور( نیٹ نیوز )
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو فارغ کرنے اور الیکشن ہونےتک جدوجہد جاری رہےگی، انہوں نے میرے خلاف کیسز بنانے کا پلان بنایا ہے، مجھے ڈس کوالیفائی کرکے نواز شریف کو واپس بلانے کی سازش ہو رہی ہے۔ عالمی اور ملکی میڈیا کے مطابق لاہور کے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں جشن آزادی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت گرانے والے اب ایک اور سازش کر رہے ہیں، انہوں نے میرے خلاف کیسز بنانے کا پلان بنایا ہے، مجھے ڈس کوالیفائی کرکے نواز شریف کو واپس بلانے کی سازش ہو رہی ہے، سازش کرنے والے کان کھول کر سن لیں عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرے گا، الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے ان کی پوری مدد کی، کبھی ضمنی انتخابات میں عوام ایسے نہیں نکلی، بری طرح ان کو شکست دی۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پہلے حکومت گرائی پھر پر امن احتجاج میں شریک لوگوں پر تشددکیا، شہبازگل پر تشدد کیا گیا، ڈرائیورکی بیوی کو گھر سے اٹھا لیا، جو مرضی کرلو اب قوم کو نہیں روک سکتے، لوگوں کو خوفزدہ کیا جا رہا ہے، میں نے اپنی زندگی میں آج سب سے بہترین یوم آزادی منایا ہے، میرا دل کہہ رہا ہے اگلی 14 اگست تک ہم حقیقی آزادی لے چکے ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ میرے مخالف 26 سال سے میری کردار کشی کر رہے ہیں، عزت پیسے سے نہیں خریدی جاسکتی، موت سے ڈرنے والے کسی شخص نے آج تک کوئی بڑا کام نہیں کیا، ہم ہاتھ پھیلا کر دنیاکے سامنے کیوں پھرتے ہیں، غلام ذہنیت قوم کی پرواز کبھی اوپر نہیں ہوتی، میں کسی ملک کا دشمن نہیں،امریکا سےدوستی چاہتا ہوں، غلامی نہیں چاہتا، ہمارے حکمران امریکا کے پیروں میں لیٹے ہوئے ہیں، میں اپنی قوم کو اکٹھا کروں گا، مل کر قوم کے قرضے اتاریں گے، امپورٹڈ حکومت کو فارغ کرنے کے لیے مل کر جدوجہد کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا وزیر دفاع کہہ رہا ہے امریکا نے ہمیں وینٹی لیٹر پر رکھاہے، ہمیں اس نوبت پر کون لایا،کس نے وینٹی لیٹر پر ہمیں ڈالا، قوم کومقروض کرنے کا ذمہ دار کون ہے، 30 سال تک دو خاندان اس ملک پر حکومت کر رہےتھے، اب یہ کہتے ہیں کہ امریکا کی غلامی نہ کی توہم مرجائیں گے، نوازشریف اوباما کے سامنےگھبرایا ہوا تھا کہ شکریہ بھی پڑھ کربولنا پڑا، ہمارے اوپر امریکا نے 400 ڈرون حملے کیے،کیا برطانیہ پاکستان کو الطاف حسین پر ڈرون حملے کی اجازت دےگا؟ برطانیہ کبھی ایسا نہیں کرے گا، کہا جائے گا عدالت میں ثابت کرو کہ دہشت گرد ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ میں اینٹی امریکن نہیں، لیکن اپنےلوگوں کے مفادات پر کمپرومائز کرنےکے لیے تیار نہیں، یہ ہوتےکون ہیں پوچھنےوالے کہ روس کیوں گیا،کیا میں ان کا غلام ہوں، میں اپنےلوگوں کے فائدے کے لیے روس گیا تھا، میں چاہتا تھا روس سے سستےداموں 20 لاکھ ٹن گندم خریدیں، امپورٹڈحکومت جب آئی تو روسیوں سے سستا تیل خریدنے کی بات کرچکے تھے، ان میں اتنی جرات نہیں تھی کہ کہتے یہ ہمارے عوام کی ضرورت ہے
عمران خان نے مزید کہا کہ ان کی حکومت گرانے کے بعد ایک اور سازش ہو رہی ہے جس کے تحت ستمبر میں نواز شریف کو واپس لایا جائے تاکہ ان سے مقابلہ کرایا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ’پنجاب کے ضمنی الیکشن میں امپائروں کو ساتھ ملا کر دھاندلی کی گئی۔‘
’(الیکشن کمشنر) سکندر سلطان بزدل آدمی ہے، پیچھے سے بوٹ پڑا اس لیے اس نے ان کی مدد کی۔‘بی بی سی اردو ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم نے دعویٰ کیا کہ ’عمران خان کو نااہل کرنے اور نواز شریف کو واپس بلانے کا منصوبہ بنایا گیا۔ عمران خان کوئی ڈیل نہیں کرنے لگا، میرا مقابلہ اس ڈاکو سے نہ کراؤ۔ یہ تیس سال سے پیسے چوری کر رہا ہے۔‘
’نواز شریف کو ستمبر میں واپس لانے کی سازش ہو رہی ہے۔ نواز شریف کا بہت اچھے سے استقبال کروں گا۔ عمران خان کے اوپر کردار کشی اور کیسز کی سازش ہو رہی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عدلیہ کو تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے تاکہ اپنے مرضی کے فیصلے کرائے جائیں۔۔۔ عمران خان اور فوج کے بیچ میں لڑائی کی بھی سازش ہو رہی ہے۔‘عمران خان نے کہا کہ ’میں کبھی نہیں چاہوں گا کہ فوج کمزور ہو۔۔۔ ملک کو بیرونی سازشوں کا سامنا ہے۔‘’میری تنقید تعمیری ہوتی ہے، جیسے باپ اصلاح کے لیے تنقید کرتا ہے۔‘