لاہور( شوبز ڈیسک ) فلمسٹار ریما نے کہا ہے کہ کسی بھی فورم پر بات کرنے کےلئے آپ کے پاس مناسب الفاظ کا ذخیرہ ہونا چاہئے ورنہ اس سے خاموشی بہتر ہے ، جب تک لوگ مطالعہ نہیں کرتے اس وقت تک ان کا علم محدود ہوتا ہے ۔
انٹر ویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی سے قبل بھی مجھے کتاب بینی کا شوق تھا مگر مصروفیات کی وجہ سے میں پوری توجہ کے ساتھ کتابوں کا مطالعہ نہیں کر سکی مگر اب میں نے ہر موضوع پر مبنی کتابوں کا ایک ذخیرہ اکٹھا کر رکھاہے کیونکہ کتاب میری سب سے بہترین دوست ہے جو مجھے نئی باتوں کے ساتھ علم کی روشنی بھی دیتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج میں کسی بھی فورم پر اپنی بات اچھے انداز میں کہنے کی صلاحیت رکھتی ہوں ۔
ریما نے کہا کہ میں اپنی موجودہ زندگی سے بڑی مطمئن ہوں اور مجھے جو جیون ساتھی ملا اسکا میں نے تصور بھی نہیں کیا تھا ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فلم انڈسٹری میرے دل میں بستی ہے اور ہر وقت اس کی کامیابی کے لئے دعا گو رہتی ہوں۔