اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ اور الیکشن کمیشن کے ہوتے ہوئے یہ ضمنی الیکشن ہار گئے، اب 9 قومی اسمبلی نشستوں پر عمران خان انہیں روند ڈالے گا۔سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف آئے یا نہ آئے اب کوئی فرق نہیں پڑتا۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں گندے کپڑے دھونے کی جاہلانہ اور احمقانہ پالیسی سے جس کی کسی کو خبر نہیں ہوتی وہ سارے جہاں کو بتا دیتے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ حکومت بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ شکار ہے، 62 وزراءسیاسی جنازے ہیں جو میڈیا میڈیا کھیلتے ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ ان لوگوں کی انتقامی سیاست جمہوریت کو خوفناک انجام تک پہنچائے گی۔انہوںنے کہاکہ ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنے سے کچھ حاصل نہ ہوگا،دس کروڑ عوام غربت اور مہنگائی کے شکنجے میں ہیں۔