کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی سنسر بورڈ کے ساتھ ساتھ پنجاب اور سندھ سنسر بورڈز بھی فلم کو عام نمائش کا سنسر سرٹیفیکیٹ جاری کر چکے ہیں ۔
ورسٹائل فنکارہ سکینہ سموں کی ڈائریکشن میں بنی فلم ”انتظار“ عالمی پذیرائی سمیٹنے کے بعد پاکستانی سینماؤں کی زینت بننے کیلئے تیار ہے اور ڈسٹری بیوشن کلب کے پلیٹ فارم سے 19, اگست کو کراچی ، لاہور اور اسلام آباد سمیت سرکٹ کے منتخب سینماؤں میں نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔ ”انتظار“ کی سٹار کاسٹ میں سینئر فنکارہ ثمینہ احمد، خالد احمد، کیف غزنوی، عدنان جعفر اور نوجوان فنکارہ رضا علی عابد شامل ہیں جبکہ اسے اسلام آباد ، لاہور اور کراچی سنسر بورڈز نے بغیر کسی کٹ عام نمائش کا سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا ہوا ہے ۔۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ سینئر فنکارہ سکینہ سموں کی پروڈکشن اور ڈائریکشن میں بنی فلم اپنے حساس موضوع اور جاندار کہانی کے باعث عالمی فلم میلوں میں شاندار پزیرائی حاصل کر چکی ہے جن میں نیویارک میں ہونے والا ہرلیم انٹرنیشنل فلم فیسٹیول ، موزئیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول اور اناطالیہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول شامل ہے۔ فلم کی کہانی ایک خاندان کے افراد کی زندگیوں کا احاطہ کرتی ہیں جس میں زندگی کی حقیقتوں کی احسن انداز میں عکاسی کرتے ہوئے شائقین کو والدین کے احترام ، مثبت سوچ اور خاندانی اقدار سے جڑے رہنے کا فکر انگیز پیغام دیا گیا ہے۔۔