کراچی/شہدادکوٹ(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بارش و سیلاب متاثرین کی امداد و بحالی میں غفلت حکومتی بے حسی کی انتہا ہے۔ کاچھو اور کوہستان کے لوگ اس دور جدید میں بھی صحت تعلیم اور روڈ راستوں سے محروم عملی طور پتھر کے دور میں رہتے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور اس کے نمائندوں نے ہر دور میں عوام سے ووٹ تو لیے مگر عملی طور ان کو بھوک وافلاس محرومیاں اور بنیادی سہولتوں سے بھی محروم رکھا ہے۔ بارش متاثرین کی دادرسی کے لیے منتخب نمائندوں کا نہ آنا افسوس ناک ہے۔ الخدمت اور جماعت اسلامی حسب حال سندھ کے عوام کی خدمت کرتی رہے گی۔حکومت کو عالمی منڈی میں تیل قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدادکوٹ کے قریب کھیر تھر جبل سے ملحق کاچھو کے علاقے کے مختلف گوٹھوں میں الخدمت کے تحت بارش متاثرین میں امدادی سامان کی تقسیم کے دوران کیا۔ الخدمت فاو¿نڈیشن سندھ کے خیرمحمد تنیو، امیر ضلع ڈاکٹر امتیاز شیخ ، یوتھ رہنما طارق میرجت، ابراہیم دایو اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر مقامی رہنما بھی ساتھ موجود تھے۔
صوبائی امیر کا مزید کہنا تھا کہ کاچھو کے عوام کی حالت زار دیکھ کر لگتا ہے کہ آج ھی سندھ کے عوام پتھر کے دور میں رہتے ہیں۔ حکومت کام صرف ٹیکس لگاکر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ اور منتخب نمائندوں کا مقصد صرف ووٹ حاصل کرنا نہیں بلکہ عوام کو بنیادی سہولت فراہم اور ان کے دکھ دردوں کا درمان کرنا ہے۔آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر منی بجٹ اور چالیس ارب روپے کے نئے ٹیکسز عائد کرنے کی تیاری عوام کے ساتھ سراسر ظلم ہے، مہنگائی سے نجات دلانے کی دعویدار اتحادی حکومت عوام کی پیٹھ پر ہر روز مہنگائی کے کوڑے برسارہی ہے، حکمران اور اپوزیشن اقتدار کیلئے آپس میں دست وگریباں جبکہ بلوچستان،کراچی سمیت سندھ اور پنچاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہے،موجودہ حکومت بھی سابقہ حکمرانوں کا تسلسل اور سامراجی قوتوں کے اشاروں پر عالمی مالیاتی اداروں کی ڈکٹیشن پر عمل کررہی ہے جس سے مہنگائی،بیروزگاری،سیاسی اور معاشی حالات دن بدن بدتر ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج دنیا میں فساد کی وجہ اللہ کو بھول جانا ہے ایک دوسرے کی مدد قرب الہٰی کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں کی بنسبت لوگوں کی دنیا کے ساتھ آخرت کی کامیابی بھی چاہتی ہے۔ جس کی دنیا اچھی تو اس کی آخرت بھی اچھی ہوگی۔ حکمرانوں کو عوام کی مشکلات کا کوئی احساس نہیں ہے راستے تباہ ہیں،معصوم بچے تعلیم اور علاج کی سہولیات سے محروم ہیں کیا غریبوں کا کوئی حق نہیں ہے سب سہولتیں و مراعات صرف بڑوں و طاقتور لوگوں کے لیے ہیں۔ انہوں نے زور دیاکہ ملک میں حقیقی تبدیلی، اپنے حقوق اور اسلامی و خوشحال پاکستان کے لیے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔