کراچی( بیورو رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے امریکی لابنگ فرم سے معاہدہ کر کے اپنے بیرونی سازش کے بیانیہ کو دفن کردیا ہے، ایک طرف عمران خان پاکستانی عوام کو امریکہ کے خلاف اکسا رہے ہیں ، تو دوسری جانب کے پی کے کے عوام کے پیسے خرچ کر کے امریکہ کی منت سماجت کے لیے لابنگ فرم کی خدمات حاصل کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان منافقت کا عالمی آسکر ایوارڈ جیت چکے ہیں، عمران خان نے پی ٹی آئی کو ایک مافیا کی صورت دے دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ صدر مملکت عارف علوی کا اپنا بیٹا اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم میں پیش پیش ہے، افواج پاکستان کے سپریم کمانڈر صدر عارف علوی کے بیٹے کا کردار قابل مذمت ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات نے کہاکہ آج لاہور میں پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے قومی پرچم اتار کر پی ٹی آئی کے پرچم لگائے جا رہے ہیں، اس حرکت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا، پاکستان کا پرچم اتارنے والوں نے 22 کروڑ عوام کی توہین کی ہے۔ شرجیل انعام میمن نے عمران خان کو وارننگ دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان اور پی ٹی آئی سازشوں سے باز آجائیں ورنہ عوام ان کا وہ حشر کرے گی کہ یہ کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہیں گے، اسرائیلی اور بھارتی پیسے سے ہم اپنے ملک ، اپنے اداروں اور عوام کے خلاف کسی سازش کو کامیاب ہونے نہیں دیں گے۔انہوں نے کہاکہ بہروپیہ عمران خان پاکستان کے لئے ناسور ثابت ہوا ہے، پی ٹی آئی کا ساڑھے تین سالہ اقتدار عوام کے لیے ڈراؤنہ خواب تھا، افسوس کی بات ہے کہ ایف آئی اے کی فارن فنڈنگ انکوائریز سے بھاگنے کے لیے پی ٹی آئی کو عدالتوں سے اسٹے آرڈرز مل رہے ہیں۔