کراچی( نمائندہ خصوصی )
پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے پاکستان کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔ ایک خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا:”سالگرہ مبارک پاکستان۔ صرف 75 سال میں ہی اس ملک کیلئے بہت کچھ قابل فخر اور قابل جشن ہے: آپ کا نسلی تنوع، بھرپور ثقافتی ورثہ، شاندار کھانا اور شاندار مناظر۔ لیکن میرے لیے سب سے نمایاں عنصر پرجوش اور خوش آمدید کہنے والے لوگ ہیں – ہمیشہ مسکراہٹ اور “اسلام وعلیکم” کے ساتھ
آسٹریلیا 1947 میں پاکستان کو تسلیم کرنے والے پہلے ممالک میں سے ایک تھا حالانکہ ہمارے عوام سے عوام کے تعلقات سن اٹھارہ سو کی دہائی سے چلے آرہے ہیں۔ بلوچستان سے آئے اونٹوں کے تاجروں نے آسٹریلیا کے ریگستانوں میں سامان کی نقل و حمل میں اہم کردار ادا کیاتھے۔ آج تقریباً ایک لاکھ سے زائد پاکستانی آسٹریلیا کو اپنا گھر کہتے ہیں اور ہمارے کثیر الثقافتی معاشرے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ہمیں اپنے عظیم شہروں اور عالمی معیار کی یونیورسٹیوں میں پڑھنے والے ہزاروں پاکستانی طلباء کی میزبانی کرنے پر بھی فخر ہے۔
مستقبل میں، پاکستان اور آسٹریلیا دونوں کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے جن کے لیے ہمیں اور تمام اقوام کو تعاون کرنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی۔ سائنس اور ٹیکنالوجی میں آسٹریلیا کی مہارت، خاص طور پر پانی کا انتظام اور زرعی تحقیق کلیدی کردار ادا کرے گی۔
اور کرکٹ کے لیے ہمارے مشترکہ جذبے کو کون نظر انداز کر سکتا ہے ؟ جہاں ہم اس سال کے آخر میں ٹی ٹوئنٹی اور ۲۰۲۳ کے اوائل میں پاکستان ویمنز الیون کی میزبانی کے منتظر ہیں۔ اس سال کے شروع میں ہماری کرکٹ ٹیم کے پاکستان کے دورے کے دوران دیے گئے پرتپاک استقبال دیکھ کے ہمیں بے حد خوشی ہوئی۔
آخر میں، ہم اپنے تمام پاکستانی بھائیوں اور بہنوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں کہ وہ خوشحالی اور ہم آہنگی کے ساتھ قائداعظم کے وژن کی تکمیل کر سکیں۔ قائد کے الفاظ میں:
"آپ سب کے لیے میرا پیغام امید، ہمت اور اعتماد کا ہے۔ آئیے ہم اپنے تمام وسائل منظم انداز میں متحرک کریں اور ان سنجیدہ مسائل سے قابل عزم اور نظم و ضبط کے ساتھ نمٹیں جو ایک عظیم قوم کے طور پہ ہمیں درپیش ہیں۔