کوئٹہ( کرائم رپورٹر )آئی جی پولیس بلوچستان عبد الخالق شیخ نے کہا کہ پولیس کے ہیلپ لائن ایمرجنسی 15 مدد گارسینٹرکی صلاحیت و افادیت کو مزید بہتر بنانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں۔ اب کسی بھی کالرپر کال پر فوری ایکشن لیا جائے جب کہ مد د گار سینٹر اس کال کو متعلقہ تھانے کے وائرلیس کنٹرول روم کو بھجوائے گا۔ اس طرح پولیس شہری کی مددکیلئے چند منٹوں میں پہنچ جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایمرجنسی 15 مددگار سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ آئی جی پولیس بلوچستان نے ہدایات جاری کیں کہ ایمرجنسی 15 مددگار ہیلپ لائن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام وسائل فراہم کیئے جائیں گے جس سے نہ صر ف پبلک سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لائے گی۔
اس کے علاوہ پولیس کے نظام کو جدید تقاضوں پر استوار کیا جائے گا تاکہ اس نظام کے تحت جرائم پیشہ افرا د کا ڈیٹا بلوچستان پولیس کے پاس ہوگا اور تھانہ کلچر کی تبدیلی کےلئے تھانے کے تمام نظام کو بھی اس جدید کمانڈ سینٹر کے ساتھ منسلک کر دیا جائے گاعوام کو درپیش مشکلات، مسائل اور فوری مدد کے تناظر میں ایمرجنسی رسپانس ٹائم کو مزید کم کرکے بروقت مدد کو یقینی بنایا جائے۔ مددگار ہیلپ لائن کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری وسائل فراہم کیئے جائیں گے۔ مختلف مخصوص لوکیشنز پر پیٹرولنگ وہیکلز ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے تیار کھڑی ہوں گی تا کہ ریسپانس ٹائم کا دورانیہ کم ہو سکے اچھی کارکردگی کا مظاہر کرنے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی کر تے ہوئے انعامات سے نوازہ جائے گا ۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان نے ایس ایس پی ٹریفک آفس کوئٹہ کا بھی دورہ کیا آئی جی پولیس نے مزید ہدایات جاری کیں کہ کوئٹہ میں ٹریفک کی صورتحال کو بہتر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بے ہنگم ٹریفک، لین مارکنگ، سائن بورڈز، ٹریفک سگنلز کی عدم دستیابی اور روڈ انجیئرنگ جیسے مسائل درپیش ہیں۔ جس وجہ سے ٹریفک کا بہاومتاثر ہوتا ہے۔ اگرچہ ان مسائل کو دور کرنے میں باقاعدہ پلاننگ کی ضرورت ہے۔ جس میں بہت وقت لگ سکتا ہے۔ تاہم ان مسائل کے فوری حل کیلئے مخصوص رش والی سڑکوں کی نشاندھی کی جائے، روڈ انجینرنگ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے یہی سڑکیں مرحلہ وار ماڈل روڈز بن جائیں گی جن پر باقاعدہ روڈ مارکنگ، ٹریفک سگنلز اور پارکنگ ایریا کی دستیابی کو وسائل کے مطابق یقینی بنایا جائے گا کوئٹہ میں پارکنگ کا بہت بڑا مسلہ ہے پارکنگ پلازہ کی دستیابی کے ساتھ ساتھ دو مزید پارکنگ گراﺅنڈ کی فراہمی کےلئے حکومت بلوچستان کو لکھا جارہا ہے۔